بارش، برفباری اور دھند سے متعلق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم کی تازہ صورتحال سے متعلق پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق آنے والے دنوں میں مختلف علاقوں میں بارش، برفباری اور دھند کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے امکانات میں آہستہ آہستہ اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں کہیں ہلکی، کہیں تیز اور کہیں موسلادھار بارشیں ہو سکتی ہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں تیز برفباری متوقع ہے۔ ملکہ کوہسار مری، گلیات اور گردونواح میں شدید برفباری جبکہ شمالی علاقوں میں شدید ترین بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کمراٹ ویلی، چترال، بابوسر ٹاپ، اسکردو، ناران، کاغان، کالام اور ملحقہ علاقوں میں بھاری برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ادھر ایس ڈی ایم اے کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر میں بارشوں اور برفباری کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ایس ڈی ایم اے کے مطابق 20 جنوری سے 23 جنوری تک میدانی علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کا خدشہ ہے، اس لیے سیاح اور مسافر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیں: بارش، برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے الرٹ پرمحکمہ تعمیرات عامہ کی مشینری روانہ

پی ڈی ایم اے نے بھی متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے اور مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری کے خطرے کے پیش نظر عوام سے احتیاط کی اپیل کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم برقرار رہے گا، جبکہ مری اور گلیات میں شدید سردی متوقع ہے۔ مختلف شہروں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور گردونواح میں حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔

اس کے علاوہ کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں 22 اور 23 جنوری کو بارش کی پیشگوئی ہے۔ بارش کے بعد سردی میں معمولی اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم شہر کا فضائی معیار بدستور خراب ہے۔

اسلام آباد میں خشک سردی برقرار ہے اور درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 22 اور 23 جنوری کو دارالحکومت میں بارش متوقع ہے جس سے موسم میں بہتری آ سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان

خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم چترال، سوات، دیر، کوہستان اور ایبٹ آباد میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔ بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سردی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے مختلف اضلاع میں سرد اور خشک موسم کے ساتھ صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Scroll to Top