چیک جونیئر اوپن 2026 میں پاکستانی کھلاڑی مہمش علی شدید انجری کا شکار

پاکستان کی معروف جونیئر اسکواش کھلاڑی مہوش علی کو چیک جونیئر اوپن 2026 کے سیمی فائنل کے دوران شدید انجری کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ میچ کے دوران اپنی حریف سے ٹکرا گئیں۔

مہوش علی پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ورلڈ اسکواش فیڈریشن (WSF) کے جونیئر گولڈ سرکٹ میں حصہ لے رہی تھیں۔ رپورٹس کے مطابق وہ پراگ میں منعقدہ چیک جونیئر اوپن 2026 کے گرلز انڈر 17 سیمی فائنل میں شریک تھیں۔ میچ کے دوران مہوش علی تین میں سے دو گیمز جیت چکی تھیں اور مقابلے میں 2-1 سے برتری حاصل تھی۔

چوتھے گیم کے دوران ایک اچانک لمحے میں مہوش علی اپنی حریف سے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں وہ شدید تکلیف میں مبتلا ہو کر کورٹ پر گر گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹکر کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ مہوش علی کافی دیر تک کورٹ پر ہی موجود رہیں اور فوری طور پر کھیل جاری نہ رکھ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: گزشتہ مالی سال سب سے زیادہ انعام کون ساکھلاڑی لے اڑا؟تفصیلات پارلیمنٹ پیش

واقعے کے فوراً بعد میچ روک دیا گیا اور مہوش علی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں انہیں مزید علاج کے لیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا۔ رپورٹس کے مطابق اس وقت وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔

مہوش علی کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ ان کی حالت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔ خاندان کی جانب سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ مہوش علی کے والد اور کوچ عارف علی نے بتایا کہ ان کی بیٹی اب مستحکم حالت میں ہے، تاہم انہوں نے عوام سے مسلسل دعاؤں اور حمایت کی درخواست کی ہے۔

اس افسوسناک واقعے سے قبل مہوش علی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولینڈ کی کھلاڑی حنا روبیل کے خلاف کوارٹر فائنل میں 0-3 سے کامیابی حاصل کی تھی اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

اسی ایونٹ میں مہوش علی کی بہن سہارش علی بھی مقابلوں میں شریک تھیں۔ سہرش علی، جن کا تعلق پشاور سے ہے، گرلز انڈر 15 سیمی فائنل میں ٹورنامنٹ کی سیکنڈ سیڈ چیک کھلاڑی جوہا ناری ہاکووا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ شکست کے باوجود سہرش علی اب برانز میڈل کے لیے میدان میں اتریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ورلڈکپ ،جنوبی افریقی بیٹرز نے رنز کے انبار لگا دئیے، نئے ریکارڈ قائم

چیک جونیئر اوپن 2026 میں پاکستانی جونیئر کھلاڑیوں کی شرکت کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم مہوش علی کو پیش آنے والا یہ واقعہ ٹورنامنٹ کا ایک افسوسناک لمحہ بن گیا ہے، جس پر کھیلوں سے وابستہ حلقے تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

Scroll to Top