امریکا میں تاریخ رقم ہو گئی ہے جہاں پہلی مسلم خاتون نے نائب گورنر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ غزالہ ہاشمی نے ورجینیا میں لیفٹی نینٹ گورنر کے عہدے کے لیے قرآن پاک پر حلف لیا، جو ریاست کی سیاسی تاریخ میں ایک نمایاں اور غیر معمولی موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
اس پیش رفت کو امریکا میں مسلم کمیونٹی، بالخصوص جنوب ایشیائی پس منظر رکھنے والے افراد کے لیے ایک اہم سنگِ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یہ موقع اس لحاظ سے بھی تاریخی رہا کہ ریاست کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گورنر کا عہدہ بھی ایک خاتون رہنما نے سنبھالا۔ سابق رکن کانگریس ایبی گیل اسپین برجر نے بطور گورنر ذمہ داریاں سنبھالیں۔ اسی تقریب میں ورجینیا کی تاریخ میں پہلی بار اٹارنی جنرل کا منصب سیاہ فام رہنما جے جونز نے سنبھالا، جس سے ریاست میں قیادت کے نئے باب کا آغاز ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:پڑوسی ملک میں کورونا سے بھی زیادہ خطرناک وائرس آنے پر ہلچل
غزالہ ہاشمی نہ صرف پہلی مسلم نائب گورنر ہیں بلکہ وہ ریاست کی پہلی خاتون نائب گورنر بھی ہیں۔ حلف برداری کی تقریب کے دوران انٹرفیتھ پرئیر بریک فاسٹ کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں امام شریف نے دعا کرائی۔ اس تقریب میں مختلف مذاہب اور کمیونٹیز کی نمائندگی دیکھی گئی، جو ریاست میں تنوع اور ہم آہنگی کے پیغام کی عکاسی کرتی ہے۔
تقریب میں سینیٹر صدام ازلان سلیم اور سینیٹر کنعان کی موجودگی بھی قابلِ ذکر رہی۔ اس کے علاوہ ایڈمز اسکاؤٹنگ امریکا اور گرلز اسکاؤٹس نے پریڈ میں حصہ لیا، جس کی قیادت رضوان جاکا، احسن اللّٰہ، بیتھنی رشید اور دیگر نے کی۔ اس موقع پر مختلف کمیونٹی رہنماؤں کی شرکت نے تقریب کو مزید اہم بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹویوٹا کی گاڑی 25 لاکھ روپے تک سستی ؟اہم وجہ سامنے آگئی
رضوان جاکا نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ ریاست میں اتحاد اور تنوع کو فروغ ملے گا اور مختلف پس منظر رکھنے والے افراد کے درمیان ہم آہنگی بڑھے گی۔ اسی طرح ریاستی گورنر کے ایشین امریکن ایڈوائزری بورڈ کے چیئر منصور قریشی نے توقع ظاہر کی کہ گورنر اور لیفٹی نینٹ گورنر سمیت پوری کابینہ ورجینیا میں بلا تفریق عوام، بالخصوص جنوب ایشیائی کمیونٹی کی خدمت کرے گی۔ ان بیانات کو ریاست میں مساوات اور شمولیت کے عزم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔




