زلزلے

اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباداور ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، آزاد کشمیر، پشاور، گلگت بلتستان اور ہنزہ سمیت متعدد علاقوں میں زمین اچانک لرز اٹھی، جس پر لوگ کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دفاتر اور دیگر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز شمال مغربی کشمیر کا علاقہ تھا جبکہ اس کی گہرائی زمین کے اندر تقریباً 10 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق زلزلے کی گہرائی کم ہونے کے باعث جھٹکے زیادہ شدت کے ساتھ محسوس کیے گئے، جس سے لوگوں میں خوف کی کیفیت مزید بڑھ گئی۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں زلزلے کے باعث بلند و بالا عمارتیں لرزتی رہیں۔ دفاتر، تعلیمی اداروں اور رہائشی علاقوں میں موجود افراد گھبراہٹ کے عالم میں کھلے مقامات کی جانب دوڑ پڑے۔ بعض علاقوں میں چند سیکنڈ تک جھٹکوں کا سلسلہ جاری رہا جس سے خوف میں اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: چینی خاتون نے زلزلہ میں جان بچانے والے فوجی اہلکار سے شادی کرلی

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے خاصے شدید تھے۔ مقامی شہریوں کے مطابق پہاڑی علاقے لرز اٹھے اور گھروں میں رکھا سامان اپنی جگہ سے ہلنے لگا۔ اسی طرح پشاور، گلگت بلتستان اور ہنزہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہریوں میں تشویش اور بے چینی کی لہر دوڑ گئی۔

تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی سرکاری سطح پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔ تاہم ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو فوری طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ٹیمیں تیار ہیں۔

ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ پاکستان کا یہ خطہ زلزلہ خیز پٹی میں واقع ہے، جس کے باعث اس نوعیت کے زلزلے آتے رہتے ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، عمارتوں میں موجود حفاظتی اصولوں پر عمل کرنے اور افواہوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں صرف مستند ذرائع اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔

Scroll to Top