آزاد کشمیر کے نوجوان کرکٹر نجم نصیر کیانی نے عالمی اعزاز حاصل کر لیا

آزاد کشمیر کے ضلع باغ سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوان کرکٹر نجم نصیر کیانی نے عالمی سطح پر ایک اور بڑی کامیابی اپنے نام کر لی ہے، جس پر نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ بالخصوص ضلع باغ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ نجم نصیر کیانی کو امریکہ میں منعقد ہونے والی گلوبل کرکٹ لیگ یو ایس اے (Global Cricket League USA) کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے، جو اس خطے کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے باعثِ فخر قرار دی جا رہی ہے۔

نجم نصیر کیانی کا تعلق آزاد جموں و کشمیر کے ضلع باغ کے گاؤں ہمموہرا سے ہے۔ وہ بائیں ہاتھ کے جارحانہ بلے باز ہونے کے ساتھ ساتھ لیفٹ آرم آرتھوڈوکس اسپن بولر کی حیثیت سے بھی پہچانے جاتے ہیں۔ کرکٹ کے میدان میں ان کی محنت، لگن اور مستقل مزاجی نے انہیں آہستہ آہستہ قومی اور پھر بین الاقوامی سطح تک پہنچایا۔

انہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز آزاد جموں و کشمیر ریجن کی انڈر 16 اور انڈر 19 ٹیموں سے کیا، جہاں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں وہ ریجنل فرسٹ کلاس ٹیم کا حصہ بھی بنے۔ ان کی کارکردگی کا اعتراف اس وقت مزید نمایاں ہوا جب انہیں پاکستان انڈر 19 نیشنل کرکٹ اکیڈمی کیمپ میں شرکت کا موقع ملا، جو کسی بھی نوجوان کرکٹر کے لیے ایک اہم سنگِ میل سمجھا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بگ بیش لیگ، بابراعظم کی ناراضی پراسٹیون اسمتھ کا ردعمل سامنے آ گیا

نجم نصیر کیانی لاہور قلندرز کے پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام (PDP) کا بھی حصہ رہے، جہاں انہیں اعلیٰ کوچز اور قومی و بین الاقوامی سطح کے کھلاڑیوں کے ساتھ سیکھنے اور کھیلنے کا موقع ملا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کشمیر پریمیئر لیگ (KPL) میں جموں جانباز کی نمائندگی کی، جہاں انہیں شاہد خان آفریدی جیسے لیجنڈری کرکٹر کی سرپرستی حاصل رہی۔ اس دوران انہوں نے فہیم اشرف، شہزادہ فرحان، کامران اکمل، سرفراز احمد اور محمد عامر جیسے نامور کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

انہوں نے سکھر پیٹریاٹس (SPL) کی نمائندگی کی اور گریڈ ٹو کرکٹ میں بھی اپنی کارکردگی سے خود کو منوایا۔ اب گلوبل کرکٹ لیگ یو ایس اے میں شمولیت اختیار کر کے انہوں نے اپنے کرکٹ سفر میں ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔

گلوبل کرکٹ لیگ یو ایس اے ایک پروفیشنل ٹی ٹوئنٹی لیگ ہے، جسے USA Cricket اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) کی منظوری حاصل ہے۔ یہ لیگ 23 جنوری سے 1 فروری 2026 تک براورڈ کاؤنٹی کرکٹ اسٹیڈیم، فلوریڈا میں کھیلی جائے گی، جبکہ ٹیموں کی آمد اور تیاریوں کا آغاز 16 جنوری سے ہوگا۔ لیگ میں امریکہ کے بڑے شہروں کی نمائندگی کرنے والی چھ فرنچائزز شامل ہیں اور اسے دنیا بھر میں براہِ راست نشر کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: انڈر19ورلڈ کپ، پاکستان کو پہلے میچ میں انگلینڈ سے شکست

نجم نصیر کیانی کی اس کامیابی پر اہلِ علاقہ، کرکٹ شائقین اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ عالمی سطح پر اپنی کارکردگی سے آزاد کشمیر اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ یہ کامیابی اس امر کا ثبوت ہے کہ آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں میں بھی ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، صرف مواقع ملنے کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top