چیری ٹگو 8 پی ایچ ای وی کی پاکستان میں قیمت کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ چیری پاکستان نے کراچی میں منعقدہ حالیہ پاکستان آٹو شو میں اس ماڈل کی نمائش کے بعد اب اس کی قیمت اور دستیابی سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
کمپنی کے مطابق چیری کی یہ فلیگ شپ پلگ اِن ہائبرڈ ایس یو وی ملک بھر میں متعارف کرا دی گئی ہے، جو لگژری، جدید ٹیکنالوجی اور بہتر کارکردگی کے امتزاج کے ساتھ پیش کی جا رہی ہے۔
چیری پاکستان کا کہنا ہے کہ ٹگو 8 پی ایچ ای وی ایک 7 نشستوں پر مشتمل پلگ اِن ہائبرڈ ایس یو وی ہے، جس کی قیمت 1 کروڑ 9 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ گاڑی ان صارفین کے لیے پیش کی گئی ہے جو جدید ہائبرڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ آرام دہ اور محفوظ ڈرائیونگ کا تجربہ چاہتے ہیں۔ ٹگو 8 پی ایچ ای وی ایک طاقتور ہائبرڈ پاور ٹرین سے لیس ہے، جو 543 ہارس پاور اور 830 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سنگل چارج پر ہزار کلومیٹر سے زائدبلا رکے سفر کرنیوالی گاڑی متعارف
کمپنی کے مطابق اس ایس یو وی میں 18.3 کلو واٹ آور کی بیٹری نصب کی گئی ہے، جو صرف الیکٹرک موڈ پر 77 کلومیٹر تک سفر کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ مجموعی طور پر گاڑی کی ڈرائیونگ رینج تقریباً 1,020 کلومیٹر تک بتائی گئی ہے، جس سے طویل سفر کے دوران بار بار ایندھن بھرنے کی ضرورت کم ہو جاتی ہے۔
چیری ٹگو 8 پی ایچ ای وی میں مسافروں کے آرام کو مدنظر رکھتے ہوئے وینٹی لیٹڈ الیکٹرک سیٹس، ایمبینٹ لائٹنگ اور ڈوئل زون کلائمٹ کنٹرول جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جو کیبن کے ماحول کو ہر سفر میں آرام دہ بناتی ہیں۔ کمپنی کے مطابق گاڑی کے حفاظتی پہلوؤں پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے، جس کے تحت اس میں 10 ایئر بیگز، جدید اے ڈی اے ایس ڈرائیور اسسٹنس سسٹمز اور 360 ڈگری کیمرا شامل کیا گیا ہے، تاکہ ڈرائیور اور مسافروں دونوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: آڈی کی لاجواب فیچرز کی حامل الیکٹرک گاڑی نے تہلکہ مچا دیا
چیری پاکستان کے مطابق ٹگو 8 پی ایچ ای وی کی بکنگ 15 جنوری سے شروع ہو کر 31 جنوری تک جاری رہے گی، جس کے لیے 50 لاکھ روپے کی ڈاؤن پیمنٹ مقرر کی گئی ہے۔ کمپنی نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس گاڑی کی ڈیلیوری 26 اپریل 2026 سے شروع کی جائے گی۔ مزید برآں، چیری پاکستان نے عندیہ دیا ہے کہ ٹگو 7 اور ٹگو 9 سیریز کی قیمتوں کا اعلان آئندہ چند مہینوں میں متوقع ہے، جس کے بعد پاکستان میں ہائبرڈ ایس یو ویز کی لائن اپ مزید مکمل ہو جائے گی۔




