ٹورنٹو ایئرپورٹ حادثہ: ڈیلٹا ایئرلائن کا مسافروں کو 30 ہزار ڈالر دینے کا اعلان

واشنگٹن:امریکی ایئرلائن ڈیلٹا نے اپنے طیارے کے حادثے میں محفوظ رہنے والے تمام مسافروں کو 30 ہزار ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ طیارہ رواں ہفتے کینیڈا کے ٹورنٹو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران الٹ گیا تھا، تاہم اس میں موجود تمام 80 مسافر بچ گئے تھے۔

ڈیلٹا ایئرلائن کا یہ طیارہ امریکی ریاست منیسوٹا سے ٹورنٹو روانہ ہوا تھا اور لینڈنگ کے دوران توازن برقرار نہ رکھ سکا اور رن وے پر الٹ گیا جس کے بعد دھواں اور آگ کے شعلے طیارے کے گرد پھیل گئے۔ حادثے کے نتیجے میں 21 مسافر  زخمی ہوئے جن میں سے صرف ایک کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے جبکہ باقی کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔

ایئرلائن نے واضح کیا ہے کہ متاثرہ مسافروں کو 30 ہزار ڈالر فراہم کرنا کسی قانونی شرط سے مشروط نہیں اور یہ ان کے حقوق پر اثر انداز نہیں ہوگا۔ کینیڈا کی ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جس میں امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور دیگر متعلقہ ادارے تعاون کر رہے ہیں۔

یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا جب شمالی امریکہ میں شدید برفانی طوفان کے باعث درجنوں پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔ اس سے قبل امریکہ میں فوجی ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارے کے تصادم میں 67 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ فلاڈیلفیا میں ایک میڈیکل ٹیم کا طیارہ گرنے سے سات افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

Scroll to Top