واٹس ایپ

میٹا نے واٹس ایپ صارفین کیلئے ایک نیا اور دلکش فیچر متعارف کرا دیا

اسلام آباد: میٹا نے واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک نیا اور دلکش فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے اب صارفین اپنی پروفائل کو مزید خوبصورت اور منفرد بنا سکیں گے ۔ یہ فیچر فیس بک کے معروف کور فوٹو آپشن سے مشابہت رکھتا ہے ۔

اس نئے فیچر کے تحت واٹس ایپ صارفین اپنی پروفائل تصویر کے ساتھ ایک اضافی کور فوٹو بھی شامل کر سکیں گے، جو پروفائل کے اوپری حصے میں نمایاں طور پر دکھائی دے گی۔ اس سے صارفین کو اپنی شخصیت اور پسند کا بہتر انداز میں اظہار کرنے کا موقع ملے گا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سہولت واٹس ایپ کے نئے آئی او ایس بیٹا ورژن میں دیکھی گئی ہے ۔ اپ ڈیٹ کے بعد پروفائل تصویر کے اوپر ایک مخصوص جگہ فراہم کی گئی ہے، جہاں صارفین اپنی مرضی کی کور فوٹو لگا سکیں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فائیو جی آکشن کی تیاریاں مکمل، کن شہروں میں تیز ترین سروس دستیاب ہوگی؟

واٹس ایپ پروفائل میں فیس بک کی طرز پر کور بینر لے آؤٹ متعارف کرایا جا رہا ہے، جو پروفائل دیکھنے والے افراد کو واضح طور پر نظر آئے گا اور پروفائل کی مجموعی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کور فوٹو کا فیچر صرف واٹس ایپ بزنس اکاؤنٹس تک محدود تھا، تاہم اب میٹا نے عام صارفین کیلئے بھی اسے متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ قدم صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔

کور فوٹو لگانے کا طریقہ کار بھی فیس بک جیسا ہی ہوگا، جہاں صارفین مخصوص حصے پر کلک کر کے اپنی گیلری سے تصویر منتخب کر سکیں گے اور ضرورت پڑنے پر اسے آسانی سے تبدیل بھی کر سکیں گے۔ یہ فیچر پروفائل سیٹنگز کے اندر دستیاب ہوگا اور پروفائل دیکھنے والے تمام افراد اسے دیکھ سکیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایک نمبر بیک وقت 2 فونز میں واٹس ایپ کیلئے کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے؟

اس نئے فیچر کے متعارف ہونے سے واٹس ایپ پروفائلز مزید پرکشش اور منفرد بن جائیں گی، جبکہ صارفین کو خود کو ظاہر کرنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے ۔ توقع کی جا رہی ہے کہ بیٹا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد یہ فیچر جلد تمام صارفین کیلئے جاری کر دیا جائے گا ۔

Scroll to Top