اسلام آباد ( کشمیر ڈیجیٹل نیوز) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر حکومت راجہ محمد یٰسین کی قیادت میں وفد نے جموں و کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد میں راجہ خورشید عالم، سردار شاہد آفتاب، سردار منصور، راجہ عشیر، راجہ شکیل، راجہ اقبال، راجہ مقبول اور راجہ شامل شامل تھے ۔
وفد نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، گلدستہ پیش کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل، ترقیاتی امور اور خطے کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے میرپور چیمبر کے وفد کی کشمیر ہاؤس میں ملاقات
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو مل کر ریاست کے وسیع تر مفاد میں کام کرنا ہوگا تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا مؤثر اور پائیدار حل نکالا جا سکے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ موجودہ حکومت شفاف طرز حکمرانی، ادارہ جاتی اصلاحات اور میرٹ کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اترنے کے لیے دن رات محنت کی جا رہی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے موثر میکانزم متعارف کروا دیا، فیصل ممتاز راٹھور
فیصل ممتاز راٹھور نے وفد کو یقین دلایا کہ آزاد کشمیر میں سیاسی رواداری، باہمی احترام اور جمہوری اقدار کو فروغ دیا جائیگا اور تمام مکاتب فکر کی آراء کو ساتھ لے کر آگے بڑھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی و سیاسی حمایت آزاد کشمیر حکومت کی ذمہ داری ہے جس سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے ۔




