پاکستان نے قالین ڈیزائن کے شعبے میں ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ ترکیہ میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش ’آئی سی ایف ای، کارپٹ اینڈ فلور کورنگز فیئر 2026‘ میں پاکستانی قالین ڈیزائنر سکندرین حسن کو بیسٹ مکسڈ ویونگ تکنیک ڈیزائن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ نمائش قالین اور فلور کورنگز کے شعبے میں دنیا کے نمایاں ترین عالمی پلیٹ فارمز میں شمار کی جاتی ہے، جہاں مختلف ممالک سے ڈیزائنرز، مینوفیکچررز اور خریدار شرکت کرتے ہیں۔
سکندرین حسن، جو کمپنیز ریڈ اِنک اور ترکحنوم ہوم کی بانی اور کری ایٹو ڈائریکٹر ہیں، نے یہ اعزاز حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کیا۔ یہ ان کی آئی سی ایف ای میں مسلسل دوسری کامیابی ہے، جو پاکستانی قالین سازی کے عالمی سطح پر تسلیم کیے جانے کی ایک واضح مثال ہے۔ اس کامیابی کو پاکستان کی ہاتھ سے بنے قالینوں کی بڑھتی ہوئی عالمی پذیرائی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان ترکیہ کا سچا، قابلِ اعتماد اور کھرا اتحادی ہے : صدر رجب طیب اردوان
ایوارڈ یافتہ قالین ’فریکچرڈ ہارمنی‘ کو اس کے منفرد اور جدید ڈیزائن کی بنیاد پر منتخب کیا گیا۔ یہ قالین فلیٹ ویو، سوماک اور ریزڈ اینڈ کٹ پائل تکنیکوں کے تہہ در تہہ امتزاج پر مبنی ہے، جو اسے دیگر ڈیزائنز سے ممتاز بناتا ہے۔ قالین مکمل طور پر ہاتھ سے تیار کیا گیا ہے، جس میں ہاتھ سے کاتی گئی اون اور جوٹ کا استعمال کیا گیا ہے، جبکہ بعض ریشوں کو بغیر رنگ کے قدرتی حالت میں رکھا گیا ہے۔
’فریکچرڈ ہارمنی‘ کی تخلیق میں ساخت، شکل اور مواد کے تضاد کے ذریعے ٹوٹ پھوٹ اور ازسرِ نو تشکیل کے درمیان ایک بصری کشمکش کو نمایاں کیا گیا ہے، جو دیکھنے والے کی توجہ اپنی جانب کھینچتی ہے۔ آئی سی ایف ای ڈیزائن ایوارڈز میں دنیا بھر سے مینوفیکچررز، خریدار اور رجحانات پر نظر رکھنے والے ماہرین شریک ہوتے ہیں، جبکہ منتخب ڈیزائنز کو نمائش کے مرکزی داخلی حصے میں قائم خصوصی ٹرینڈ ایریا میں پیش کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بیرون ملک پاکستانیوں نے 2025 میں وطن کتنےڈالر زبھیجے؟ اسٹیٹ بینک رپورٹ
مسلسل دو برس تک ایوارڈ جیتنے کے بعد ریڈ اِنک اور ترکحنوم ہوم نے پاکستانی ہاتھ سے بنے قالینوں کو عالمی عصری ڈیزائن کے مکالمے میں نمایاں مقام دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس عالمی نمائش میں پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میان عتیق الرحمان کی سربراہی میں 15 رکنی وفد نے بھی بھرپور شرکت کی، جو پاکستان کی قالین صنعت کی عالمی سطح پر موجودگی کو ظاہر کرتی ہے۔




