وزیر اعظم

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے میرپور چیمبر کے وفد کی کشمیر ہاؤس میں ملاقات

اسلام آباد ( کشمیر ڈیجیٹل نیوز) وزیراعظم آزاد ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نےصدر عمر شہزاد جرال کی قیادت میں کشمیر ہاؤس میں ملاقات کی ۔

وفد میں چوہدری جاوید، غلام مرتضیٰ ، صہیب سعید ، ذوالفقار عباسی، محمد حفیظ، ایاز احمد، ہمایوں نعیم، ضیاء الحسن، عمران سعید، علی کالس، عنصر اقبال شامل تھے ۔ اس موقع پر وزیر خزانہ و ان لینڈ ریونیو چوہدری قاسم مجید، ڈی جی پولیٹیکل آفیئرز عامر ذیشان جرال ، پی ایس او عثمان ممتاز بٹ اور پریس سیکرٹری آصف علی راٹھور بھی موجود تھے ۔

وفد نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، گلدستہ پیش کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وفد نے وزیراعظم کو میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے میں دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی ۔

ملاقات کے دوران میرپور اور آزاد جموں و کشمیر میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے مواقع اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے وزیراعظم کو میرپور چیمبر آف کامرس کی سرگرمیوں اور صنعتکاروں کو لاحق مشکلات سے آگاہ کیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فیصل ممتاز راٹھور کا مساجد ، دینی مدارس سے متعلق اہم اقدامات اٹھانے کا فیصلہ

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت آزاد جموں و کشمیر میں صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ معیشت مستحکم ہو اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں ۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ میرپور آزاد جموں و کشمیر کا ایک اہم صنعتی اور تجارتی مرکز ہے اور یہاں صنعتوں کے فروغ سے نہ صرف مقامی بلکہ ریاست بھر کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چیمبرز آف کامرس کے ساتھ قریبی رابطے اور مشاورت کے ذریعے پالیسی سازی کو مزید مؤثر بنائے گی ۔

فیصل ممتاز راٹھور نے وفد کو یقین دلایا کہ کاروباری برادری کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور صنعتی ترقی کے عمل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھورکااوورسیز کانفرنس بلانے کا اعلان

ملاقات کے اختتام پر وفد نے وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ وزیراعظم نے میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عمر شہزاد جرال کو شیلڈ بھی دی ۔

Scroll to Top