دمبولا (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) سری لنکا نے پاکستان کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹی 20 میچ میں 14 رنز سے شکست د یکر تین میچوں پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ بارش سے متاثرہ اس میچ کو 12، 12 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا جو دمبولا کے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا ۔
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ سری لنکا نے مقررہ 12 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کیے ۔
میزبان ٹیم کی جانب سے داسن شاناکا 34 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ کوشال مینڈس نے 30، دھننجایا ڈی سلوا نے 22، چارتھ اسالنکا نے 21 اور کامل مشارا نے 20 رنز کی اننگز کھیلی ۔
جوابی اننگ میں پاکستان نے 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 12 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے ، یوں قومی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:تیسرا ٹی 20، سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 161رنز کا ہدف دے دیا
پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 رنز بنائے اور وہ ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے ۔
محمد نواز نے 28 اور خواجہ نافع نے 26 رنز کی اننگز کھیلی ۔ ان کے علاوہ صاحبزادہ فرحان 9، صائم ایوب اور شاداب خان 6،6 جبکہ عثمان خان صرف ایک رن بنا سکے ۔
واضح رہے کہ دمبولا میں بارش کے باعث میچ کا ٹاس پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے ہونا تھا ، تاہم مسلسل بارش کے سبب ٹاس رات 8 بج کر 30 منٹ پر ہوا ، جس کے بعد میچ کو 12 اوورز فی اننگز تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت پاکستان کیوں نہیں آتا؟ سعید اجمل نے آئی سی سی کو کھلا پیغام دے دیا
یاد رہے کہ پاکستان نے سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 6 وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا جبکہ دوسرا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے منسوخ ہو گیا تھا۔ اس طرح دونوں ٹیموں کے مابین تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-1 سے برابر رہی ۔




