سعید اجمل

بھارت پاکستان کیوں نہیں آتا؟ سعید اجمل نے آئی سی سی کو کھلا پیغام دے دیا

کراچی (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) سابق ٹیسٹ کرکٹر اورپاکستان کے مایہ ناز آف اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ اگر بھارت کو کھیل میں سیاست سے باز نہیں رکھا جا سکتا تو پھر آئی سی سی کا وجود بے معنی ہو جاتا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایک بین الاقوامی کھیل ہے اور اسے کسی ایک ملک کی مرضی کے مطابق نہیں چلایا جا سکتا ۔

شہر قائد میں پی سی سی ایل کے دوسرے ایڈیشن کی لانچنگ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے آئی سی سی پر زور دیا کہ وہ کرکٹ کے معاملات میں غیر جانبدار اور منصفانہ فیصلے کرے ۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کو چاہیے کہ وہ فیئر پلے اور کرکٹ کی روح کے مطابق فیصلے کرے، کیونکہ اگر فیصلے منصفانہ ہوں گے تو وہی ہوگا جو پاکستان سمیت دیگر کرکٹ بورڈز چاہتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی سی بی نے ملتان سلطانز کی بھی نیلامی کا فیصلہ کر لیا

سعید اجمل کا کہنا تھا کہ ایک ملک کی خواہش پر پوری دنیا کی کرکٹ نہیں چل سکتی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب پوری دنیا کی ٹیمیں پاکستان آ کر کھیل رہی ہیں تو بھارت کو پاکستان آنے میں کیا مسئلہ درپیش ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو اس معاملے پر واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرنا چاہیے تاکہ کرکٹ کو سیاست سے پاک رکھا جا سکے ۔

قومی ٹیم کے اسپنر عثمان طارق کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ بظاہر عثمان طارق ایک اچھے بولر دکھائی دیتے ہیں، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس بات کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے کہ ہمارے کھلاڑیوں پر بار بار باؤلنگ ایکشن کے اعتراضات کیوں سامنے آتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہٹیاں بالا ، تیز رفتار کار کی ٹکر سے 4 سالہ بچہ اذان اعظم جاں بحق، ڈرائیور فرار

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی )کو اس معاملے پر تحقیق کرنی چاہیے کہ آیا واقعی ایکشن میں مسائل ہیں یا یہ اعتراضات جان بوجھ کر سامنے لائے جارہے ہیں ۔

Scroll to Top