راولاکوٹ

ہٹیاں بالا ، تیز رفتار کار کی ٹکر سے 4 سالہ بچہ اذان اعظم جاں بحق، ڈرائیور فرار

ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) یونین کونسل مکنیٹ کے علاقے پارسہ میں ایک دلخراش ٹریفک حادثے کے نتیجے میں چار سالہ معصوم بچہ اذان اعظم ولد محمد اعظم جاں بحق ہو گیا ۔

حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کار نے سڑک کے کنارے موجود بچے کو زور دار ٹکر ماری، جس کے باعث وہ موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے میں ملوث کار نمبر 7654 تھی جسے ہارون عزیز نامی شخص چلا رہا تھا ۔ حادثے کے فوراً بعد ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے بھاگ نکلا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حلقہ لوئیر نیلم: مسلم لیگ ن امیدوار اسمبلی ٹکٹ کے لیے میدان میں آ گئے

جس پر علاقے میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی افراد نے فوری طور پر واقعے کی اطلاع پولیس کو دی ۔ سٹی تھانہ ہٹیاں بالا کی پولیس بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ پولیس نے بچے کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا ۔

کمسن بچے کی المناک موت پر والدین اور اہلِخانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑے،علاقے کی فضاء سوگوار ہو گئی ۔ ہر آنکھ اشکبار تھی اور اہلِ علاقہ نے واقعے کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا نتیجہ قرار دیا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم ڈرائیور کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا د ی جائے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میں نجی اسکول والدین پر اضافی بوجھ ڈال رہے ہیں

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم ڈرائیور کی تلاش جاری ہے ، مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد حراست میں لیا جائے گا ۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر کے قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔

Scroll to Top