وانا میں دھماکہ ، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا سلطان شدید زخمی ہو گئے

جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں ایک زوردار دھماکہ فضا کو لرزا کر گیا، جس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اہم رہنما مولانا سلطان شدید زخمی ہوگئے ۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ وانا بازار کے نواحی علاقے کونڑا چینہ مدرسہ کے قریب ہوا ۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر ریسکیو کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا سلطان وفاق المدارس العربیہ سے بھی وابستہ ہیں اور وانا کے مذہبی و سماجی حلقوں میں ایک بااثر شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں ۔ دھماکے کے وقت وہ اپنے مدرسے کے قریب موجود تھے جب اچانک زوردار دھماکہ ہوا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈی آئی خان پنیالہ تھانہ حدود میں دھماکہ، 3 پولیس جوان شہید

ابتدائی رپورٹوں کے مطابق دھماکہ خیز مواد یا تو موٹر سائیکل پر رکھا گیا تھا یا سڑک کے کنارے نصب تھا ۔ تاہم پولیس اور دیگر سیکیورٹی ادارے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کر رہے ہیں ۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مولانا سلطان کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔ ہسپتال ذرائع نے تصدیق کی کہ انہیں جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں ، تاہم فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی ۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیا ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا تاکہ دھماکے کی نوعیت اور استعمال ہونے والے مواد کا تعین کیا جا سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو بڑی کارروائیاں، 11 خوارج ہلاک، آئی ایس پی آر

Scroll to Top