پی ٹی اے نے سپیکٹرم نیلامی کا انفارمیشن میمورنڈم جاری کر دیا

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں فائیو جی سروس کے آغاز کی جانب ایک اہم قدم بڑھاتے ہوئے فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کے لیے انفارمیشن میمورنڈم جاری کر دیا ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدام وفاقی حکومت کی پالیسی ہدایات کے مطابق کیا گیا ہے، جس میں فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی سے متعلق تمام شرائط، ضوابط اور تکنیکی تقاضے شامل ہیں۔

اطلاع کے مطابق ہر ٹیلی کام آپریٹر سالانہ کم از کم ایک ہزار نئی سیل سائٹس نصب کرنے کا پابند ہوگا۔ فائیو جی سروس کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں نیٹ ورک لانچ کیا جائے گا۔

ٹیلی کام کمپنیوں کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں موجودہ ٹاورز کے کم از کم 10 فیصد کو فائیو جی ٹیکنالوجی پر منتقل کریں۔ انفارمیشن میمورنڈم میں فور جی سروس کی کم از کم رفتار کو 4 ایم بی پی ایس سے بڑھا کر 20 ایم بی پی ایس کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ٹیلی کام کمپنیاں پہلے سال کے دوران مرحلہ وار انٹرنیٹ اسپیڈ کو کم از کم 10 ایم بی پی ایس تک بڑھانے کی پابند ہوں گی۔

فائیو جی سروس کے لیے کم از کم رفتار 50 ایم بی پی ایس مقرر کی گئی ہے، اور پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ فائیو جی نیٹ ورک کو بڑے شہروں میں تیزی سے توسیع دی جائے گی۔ ٹیلی کام کمپنیاں 20 دن کے اندر انفارمیشن میمورنڈم پر اپنی تجاویز پی ٹی اے کو جمع کرا سکتی ہیں، جبکہ 26 جنوری کے بعد فائنل انفارمیشن میمورنڈم جاری کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:سست انٹرنیٹ سے پریشان صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، فائیو جی کے اجرا کا اعلان

نیلامی کے لیے مجموعی طور پر 6 مختلف فریکوئنسی بینڈز میں 597.2 میگا ہرٹس سپیکٹرم پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق 700 میگا ہرٹس بینڈ میں 30 میگا ہرٹس، 1800 میگا ہرٹس بینڈ میں 7.2 میگا ہرٹس، 2100 میگا ہرٹس بینڈ میں 40 میگا ہرٹس، 2300 میگا ہرٹس بینڈ میں 50 میگا ہرٹس، 2600 میگا ہرٹس بینڈ میں 190 میگا ہرٹس، اور 3500 میگا ہرٹس بینڈ میں 280 میگا ہرٹس سپیکٹرم نیلامی کے لیے دستیاب ہوگا۔

ماہرین کے مطابق فائیو جی سپیکٹرم کی یہ نیلامی ملک میں ڈیجیٹل ترقی، تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات میں شفافیت:الیکشن کمیشن نےدفاترمیں انٹرنیٹ کیلئے ایس سی او سے رابطہ کرلیا

Scroll to Top