کچھ لوگ خداداد صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں، اور ایک بھارتی نوجوان نے یہ ثابت کر دیا کہ ہمت اور حوصلہ بڑی کامیابیوں کی کنجی ہیں ۔
بھارتی ریاست بہار کے پورنیہ کے رہائشی مرشد عالم نے صرف ایک لاکھ روپے میں الیکٹرک جیپ تیار کر کے سب کو حیران کر دیا ۔
مرشد عالم کوئی انجینئر نہیں بلکہ ایک چھوٹی گاڑیوں کی مرمت کی دکان چلاتے ہیں ۔ تاہم نئے تجربات اور کچھ نیا کرنے کی لگن نے انہیں سستی اور قابل استعمال الیکٹرک جیپ بنانے پر آمادہ کیا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، مرشد عالم نے محض 18 دنوں میں ایک ایسی جیپ تیار کی جس میں ٹیوب لیس ٹائرز ، اسپیڈو میٹر، پاور اسٹیئرنگ اور چارجنگ پوائنٹ موجود ہیں ، اور جس پر مجموعی لاگت صرف ایک لاکھ روپے آئی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کا ایک بار پھر پاک بھارت جنگ رکوانے اور 8 طیارے گرنے کا دعویٰ
یہ الیکٹرک جیپ پانچ افراد کے بیٹھنے کے لیے موزوں ہے ، جس میں سامنے دو اور پیچھے تین نشستیں ہیں ۔ نوجوان نے خود گاڑی چلائی اور سب کو اپنی تخلیق سے حیران کر دیا ۔
مرشد عالم کے مطابق، اس کی بیٹری کو مکمل چارج ہونے میں تقریباً پانچ گھنٹے لگتے ہیں ، اور ایک مکمل چارج پر یہ جیپ تقریباً 100 کلومیٹر سفر کر سکتی ہے ۔
نوجوان نے بتایا کہ انہوں نے یہ گاڑی خاص طور پر دیہی علاقوں کے کسانوں اور چھوٹے تاجروں کے لیے بنائی ، جہاں ان کے لیے مناسب آمد و رفت کے ذرائع میسر نہیں ہیں ۔
مرشد کا کہنا ہے کہ کسان اس منی الیکٹرک جیپ کے ساتھ اضافی ٹرالی بھی جوڑ سکتے ہیں، تاکہ وہ اپنی فصل، کھاد اور دیگر سامان آسانی سے لے جا سکیں۔ اس طرح یہ گاڑی دیہی علاقوں میں انتہائی مفید ثابت ہو سکتی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیفا اور ٹک ٹاک کا تاریخی معاہدہ، ورلڈ کپ 2026 کی ڈیجیٹل دنیا بدل گئی




