مادورو کی گرفتاری سے تاجر کو لاکھوں ڈالر کا منافع مل گیا

نیویارک: وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی امریکی فوج کے ہاتھوں گرفتاری نے ایک تاجر کو غیر متوقع طور پر لاکھوں ڈالرز کا نفع دے دیا۔

رپورٹ کے مطابق، مادورو کی گرفتاری سے قبل پیشگی شرط لگانے والے اس تاجر نے چند ہی دنوں میں چار لاکھ ڈالر سے زائد کا منافع حاصل کرلیا۔ اس واقعے کے بعد امریکا میں اندرونی اور خفیہ معلومات کے غلط استعمال پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق، تاجر نے آن لائن پلیٹ فارم “پولی مارکیٹ” پر ایسی شرطیں لگائیں جن کا تعلق مادورو کے اقتدار سے ہٹائے جانے سے تھا۔ گرفتاری سے پہلے ان شرطوں کے امکانات بہت کم سمجھے جا رہے تھے۔

مادورو کی گرفتاری سے پہلے، ان شرطوں کی مالیت صرف 34 ہزار ڈالر تھی، مگر امریکی فوجی کارروائی کی خبر کے بعد ان کی قیمت میں اچانک اضافہ ہوا اور تاجر کو تقریباً 4 لاکھ 10 ہزار ڈالر کا فائدہ حاصل ہوا۔

مادورو کی گرفتاری کے بعد عالمی منڈیوں میں بھی تیزی دیکھی گئی۔ اسٹاک مارکیٹس میں اضافہ ہوا، تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا اور توانائی شعبے کے حصص مضبوط ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: اب بھی وینزویلا کا صدر ہوں،مادورو کا امریکی الزامات تسلیم کرنے سے انکار

اسی طرح، وینزویلا کے سرکاری بانڈز کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں کیونکہ سرمایہ کاروں کو توقع ہے کہ ملک کے قرضوں کی تنظیمِ نو اب آسان ہو جائے گی۔ حکومت اور سرکاری تیل کمپنی پی ڈی وی ایس اے کے بانڈز میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق، یہ اکاؤنٹ گزشتہ ماہ بنایا گیا تھا اور تاجر نے ابتدا میں صرف 96 ڈالر کی شرط لگائی تھی کہ اگر امریکا جنوری کے آخر تک وینزویلا میں فوجی کارروائی کرتا ہے تو اسے ادائیگی ملے گی۔ بعد میں اس نے اسی نوعیت کی مزید شرطیں بھی لگائیں۔

پولی مارکیٹ کیا ہے؟

پولی مارکیٹ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں لوگ مختلف واقعات پر ’’ہاں یا نہیں‘‘ کی بنیاد پر شرط لگاتے ہیں، جیسے سیاست، معیشت، کھیل یا عالمی معاملات وغیرہ۔ اگر کوئی شرط چند سینٹ میں خریدی جائے اور بعد میں وہ ایک ڈالر پر پہنچ جائے تو تاجر کو بہت بڑا منافع حاصل ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو امریکا پہنچا دیا گیا ، آج عدالت میں پیش کیا جائےگا

Scroll to Top