پاکستان اور بنگلہ دیش کے ایئر چیفس کی ملاقات، دفاعی تعاون پر اتفاق

اسلام آباد:چیف آف دی ایئر اسٹاف، بنگلہ دیش ایئر فورس، ایئر چیف مارشل حسن محمود خان کی قیادت میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین دفاعی تعاون، آپریشنل اشتراک اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز مہمان کا پُرتپاک استقبال کیا اور انہیں پاک فضائیہ کی حالیہ پیش رفت اور جدید صلاحیتوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

ملاقات کے دوران دونوں ایئر چیفس کے درمیان باہمی تعاون کے وسیع امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گفتگو میں بالخصوص تربیتی مشقوں اور ایرو اسپیس صنعت میں پیش رفت کے شعبوں میں اشتراک پر زور دیا گیا۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس موقع پر اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان گہرے مذہبی اور تاریخی تعلقات قائم ہیں، جو دونوں برادر ممالک کی افواج کے مابین مثالی عسکری تعاون کی عکاسی کرتے ہیں۔

سربراہ پاک فضائیہ نے جدید حربی چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے بنگلہ دیش ایئر فورس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاک فضائیہ بنگلہ دیش ایئر فورس کے کیڈٹس اور پائلٹس کے لیے بنیادی سے لے کر اعلیٰ سطحی تربیت کے وسیع مواقع فراہم کرے گی، جبکہ پاکستان ایئر فورس کے مختلف تربیتی اداروں میں بنگلہ دیش ایئر فورس کے اہلکاروں کے لیے خصوصی تربیتی سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی یو اے ای صدر کو شاندار فضائی سلامی

ایئر چیف نے اس امر پر زور دیا کہ بنگلہ دیش ایئر فورس کی تربیتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سپر مشاق تربیتی طیاروں کی فراہمی کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مکمل تربیتی نظام کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ طیاروں کی بروقت شمولیت، بہترین عملی تیاری اور طویل المدتی معاونت ممکن بنائی جا سکے۔

بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے شاندار حربی ریکارڈ اور مسلسل عملی برتری کو سراہا اور پاک فضائیہ کے وسیع عملی تجربے اور پیشہ ورانہ مہارت سے استفادہ حاصل کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے بنگلہ دیش ایئر فورس کے ایئر ڈیفنس نظام کو مستحکم بنانے اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایئر ڈیفنس ریڈار سسٹمز کے انضمام میں پاکستان ایئر فورس کی معاونت بھی طلب کی۔

دونوں سربراہان کے مابین جے ایف-17 تھنڈر طیاروں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، جو دفاعی تعاون کے فروغ اور طویل المدتی شراکت داری کے امکانات کی عکاسی کرتا ہے۔ بنگلہ دیشی ایئر چیف نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں موجود جدید تکنیکی انفراسٹرکچر کو سراہا اور آئی ایس آر، سائبر، خلائی ٹیکنالوجی، الیکٹرانک وارفیئر اور بغیر پائلٹ فضائی نظام کے شعبوں میں قائم سہولیات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایئر چیف مارشل نےمعرکۂ حق میں کامیابی کو پاک فضائیہ کی بہترین کارکردگی کا مظہر قرار دیا

دورے کے دوران بنگلہ دیش ایئر فورس کے چیف نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں اہم آپریشنل اور تزویراتی تنصیبات، جن میں نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ شامل ہیں، کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں ابھرتے ہوئے حربی شعبوں میں پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔

بنگلہ دیش کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور صلاحیت سازی و آپریشنل اشتراک پر مبنی تزویراتی شراکت داری کو فروغ دینے کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

Scroll to Top