آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج سے 77 سال قبل اقوامِ متحدہ نے کشمیری عوام سے حقِ خودارادیت کا وعدہ کیا تھا، جو تاحال پورا نہیں ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ حالانکہ یہ عالمی ادارے کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم کشمیری عوام کی جدوجہد کا حتمی ہدف تکمیلِ پاکستان ہے اور وہ حقِ خودارادیت کے ذریعے اپنی منزل ضرور حاصل کریں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے واضح کیا کہ پاکستان، آزاد کشمیر کے عوام ، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے تسلط کے نتیجے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ خواتین، بچوں اور نوجوانوں سمیت ہزاروں بے گناہ افراد شہید ہو چکے ہیں، جبکہ سیاسی قیادت کو قید و بند میں رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھور کی فیاض عباسی کے صاحبزادے علی موسیٰ کی دعوت ولیمہ میں شرکت
انہوں نے اقوامِ متحدہ، دیگر عالمی اداروں، عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے پُرزور مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات اور نگرانی کو یقینی بنائیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام آزادی سے کم کسی سمجھوتے پر آمادہ نہیں اور یہ جدوجہد انشاءاللہ جاری رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزاد ہو گا اور پوری ریاستِ کشمیر کا الحاق پاکستان سے ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں:ریاست بھر میں ہیلتھ کارڈ سہولت کو بلا تاخیر فعال کیا جائے ،وزیرِاعظم فیصل ممتاز راٹھور
آخر میں انہوں نے کہا:پاکستان زندہ باد، تحریکِ آزادیٔ کشمیر پائندہ باد!
77 سال پہلے اقوام متحدہ نے آج کے دن حق خودارادیت کا وعدہ کیا تھا جو آج تک پورا نہیں ہو سکا،آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا یوم حق خودارادیت پر خصوصی پیغام pic.twitter.com/rUuNhSqi9e
— Kashmir Digital (@KashmirDigital1) January 5, 2026




