مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے وزیرِاعظم فیصل ممتاز راٹھور نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ پورے خطے میں ہیلتھ کارڈ سہولت کو بلا تاخیر فعال کیا جائے ۔
تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے شہری مالی بوجھ کے بغیر علاج معالجے کی سہولت حاصل کر سکیں گے، جو آزاد جموں و کشمیر کے مجموعی صحت کے نظام کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی ۔
انہوں نے اس منصوبے کو عوامی فلاح و بہبود کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے غریب اور متوسط طبقے کو معیاری طبی سہولیات تک آسان رسائی حاصل ہو سکے گی ۔ وزیرِاعظم فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ اس اسکیم کا مقصد معاشرے کے تمام طبقات کے لیے سستی، معیاری اور باوقار طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عوام کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیراعظم فیصل ممتاز کی ہدایت
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی ریلیف کے منصوبے حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں کیونکہ ان کے ثمرات براہِ راست عام شہریوں تک پہنچتے ہیں ۔اجلاس کے دوران وزیرِاعظم نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ ہیلتھ کارڈ منصوبے سے جڑے تمام انتظامی اور تکنیکی امور فوری طور پر مکمل کیے جائیں اور خدمات کے آغاز میں کسی بھی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے دیگر حصوں میں ہیلتھ کارڈ اسکیم کے مثبت نتائج سامنے آ چکے ہیں، جس کے باعث عوام کے طبی اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے اور صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر ہوئی ہے ۔زاد جموں و کشمیر میں اس منصوبے کا آغاز قومی سطح پر سماجی تحفظ اور جامع صحت کوریج کے فروغ کی پالیسی کا تسلسل سمجھا جا رہا ہے۔




