دبئی میں ڈیلیوری رائیڈرز کیلئے بڑی خوشخبری! 40 ائیرکنڈیشنڈ ریسٹنگ ایریاز مکمل

دبئی: دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے ڈیلیوری بائیک رائیڈرز کے لیے شاندار اقدام اٹھاتے ہوئے شہر بھر میں 40 جدید ائیرکنڈیشنڈ ریسٹنگ ایریاز مکمل کر لیے ہیں۔ ان مقامات پر رائیڈرز کو آرام دہ ماحول، پانی، اسنیکس، موبائل چارجنگ اور موٹر سائیکل پارکنگ جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2023 میں آر ٹی اے نے اس منصوبے کا اعلان کیا تھا تاکہ شدید گرمی میں کام کرنے والے ڈیلیوری رائیڈرز کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔ منصوبے کے تحت اگست 2024 تک 20 ریسٹنگ ایریاز مکمل کیے گئے تھے جبکہ اب تمام 40 ریسٹنگ ایریاز فعال ہو چکے ہیں۔

دبئی میں گرمی کے دوران ڈیلیوری بائیک رائیڈرز کو طویل ڈیوٹی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا رہتا تھاتاہم اس نئے منصوبے کے بعد انہیں محفوظ اور آرام دہ مقامات میسر آئیں گےجہاں وہ اپنے آرام کے ساتھ ساتھ دیگر ضروری سہولیات بھی حاصل کر سکیں گے۔ ان ریسٹنگ ایریاز میں ائیرکنڈیشنڈ انتظار گاہوں کے علاوہ مفت پانی اور اسنیکس، موبائل چارجنگ پوائنٹس اور موٹر سائیکل پارکنگ کی سہولت موجود ہے۔

یہ اقدام دبئی کی جدید ٹرانسپورٹ پالیسی کا حصہ ہےجس کا مقصد ڈیلیوری رائیڈرز کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا اور ان کے کام کو آسان بنانا ہے۔

Scroll to Top