مظفرآباد : دارالحکومت میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا گیاہےجس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر رورل مظفرآباد حماد بشیر کی سربراہی میں گزشتہ شب ویسٹرن بائی پاس پر بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی جس میں غیر قانونی شیڈز، تھڑے اور ریڑھیاں ضبط کر لی گئیں۔ دکانداروں کو سخت وارننگ جاری کر دی گئی کہ آئندہ دکان سے باہر سامان رکھنے پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق مظفرآباد انتظامیہ نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری ایکشن لیتے ہوئے گزشتہ شب آپریشن کیا، اس مہم کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر رورل حماد بشیر نے کی جبکہ ایس ایچ او تھانہ صدر سید وجاہت کاظمی، ان کی نفری اور تحصیل دار مظفرآباد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ٹیم نے نلوچھی سے صدر تھانہ تک ویسٹرن بائی پاس پر قائم ناجائز تجاوزات کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر رورل حماد بشیر کا کہنا تھا کہ ویسٹرن بائی پاس شہر کی ایک اہم شاہراہ ہےجہاں کسی بھی قسم کی تجاوزات کو برداشت نہیں کیا جائے گا ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ اگر کسی دکاندار نے دکان سے باہر سامان رکھا تو اسے ضبط کر لیا جائے گا مزید برآں انہوں نے تاجر برادری سے بھی اپیل کی ہےکہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر کی سڑکوں کو ہر قسم کی تجاوزات سے پاک رکھا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد کے علاقےلوئر پلیٹ میں واقع پیدل چلنے کا راستہ خستہ حالی کا شکار، طلبہ اور شہریوں کے لیے خطرہ
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن جاری رہے گا اور شہر کی تمام اہم سڑکوں کو تجاوزات سے آزاد کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔




