جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)حلقہ ایل اے 32 سے اُمیدوار اسمبلی خلیل مغل نے کہا ہے کہ ضلع جہلم ویلی میں نوجوانوں کے کھیلوں کے میدانوں کو تباہی کی طرف لے جانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے کرکٹ گراؤنڈ میں کار ریلی کے انعقاد پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ یہ سرگرمی کس کے حکم پر منعقد کی گئی ، جس کے باعث گراؤنڈ کو نقصان پہنچا ۔
خلیل مغل کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے میدان نوجوانوں کے مستقبل سے جڑے ہوئے ہوتے ہیں اور ان کی تباہی دراصل آنے والی نسلوں کے مواقع چھیننے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی صورت نوجوانوں کے مستقبل کو داؤ پر نہیں لگنے دیں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی: یونیورسٹی کیمپس کی مکانیت کا مسئلہ شدت اختیار کرگیا،طلباء سراپا احتجاج
اُمیدوار قانون ساز اسمبلی نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھوسے مطالبہ کیا کہ کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والی کار ریلی اور اس سے پہنچنے والے نقصان کی فوری اور شفاف انکوائری کروائی جائے ۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر تین دن کے اندر اندر گراؤنڈ کو اصل حالت میں بحال نہ کیا گیا تو وہ نوجوانوں کے ساتھ مل کر احتجاج کی کال دینے پر مجبور ہوں گے ۔
خلیل مغل نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے حقوق پر خاموش رہنے والے کبھی بھی نوجوانوں کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے ، ایسے لوگ صرف الیکشن کے وقت ووٹ لینے آتے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی : چناری بازار کے الیکشن 24 دسمبر 2025 کو ہوں گے : ضلعی انتظامیہ کا اعلان
انہوں نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر نوجوانوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں ۔




