لاہور: ملک بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو ایک بار پھر شدید مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ ایک اہم اپ اسٹریم پرووائیڈر کی عارضی خرابی کے باعث قومی سطح پر انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی ہے ۔
اس خرابی کی وجہ سے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ کی رفتار نمایاں طور پر کم ہو گئی ہے اور آن لائن سرگرمیوں میں خلل پیدا ہو رہا ہے۔
صارفین ویب سائٹس کھولنے، ویڈیو اسٹریمنگ، آن لائن میٹنگز اور سوشل میڈیا استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ۔ خاص طور پر آن لائن بینکنگ، ای کامرس اور ڈیجیٹل ادائیگیوں سے وابستہ افراد کو شدید پریشانی لاحق ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آذادکشمیر:انٹرنیٹ سست رفتاری تکنیکی مسئلہ؛ حکومت ،متعلقہ ادارے بحالی کیلئے سرگرم
انٹرنیٹ سروس فراہم کنندہ نیا ٹیل نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ملک میں انٹرنیٹ کی مجموعی کارکردگی میں کمی اس وجہ سے ہوئی کیونکہ کمپنی کے دو اپ اسٹریم پرووائیڈرز میں سے ایک فی الحال غیر فعال ہے ۔
نیا ٹیل کے مطابق اس تکنیکی خرابی کے باعث پاکستان کے کئی شہروں میں انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوئی اور صارفین کو کنیکٹیویٹی کے مسائل کا سامنا ہے۔
کمپنی کی تکنیکی ٹیمیں صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور متاثرہ اپ اسٹریم پرووائیڈر کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کر رہی ہیں تاکہ مسئلہ جلد از جلد حل کیا جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:2029 تک ایک کروڑ گھروں تک تیز رفتار انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا ہدف مقرر




