آزاد کشمیر میں سرکاری ملازمت کیلئے عمر کی حد بڑھا دی گئی، نوٹیفکیشن جاری

آزاد کشمیر میں سرکاری ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں حکومت آزاد جموں و کشمیر نے سرکاری ملازمتوں کے لیے بالائی عمر کی حد میں نرمی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ نوٹیفکیشن سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ، آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کی جانب سے 31 دسمبر 2025 کو مظفرآباد سے جاری کیا گیا۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں سرکاری ملازمت کے حصول کے لیے بالائی عمر کی حد میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور اب امیدوار 41 سال تک سرکاری ملازمت کے اہل ہوں گے۔ اس فیصلے کی منظوری آزاد جموں و کشمیر کابینہ کے 35ویں اجلاس میں دی گئی، جو 17 دسمبر 2025 کو منعقد ہوا تھا۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ صدر آزاد جموں و کشمیر نے کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں اس عمر میں نرمی کی باضابطہ منظوری دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں کو بلا سود قرضے اور ملازمتیں دیں گے ، وزیر توانائی

نوٹیفکیشن کے متن کے مطابق یہ عمر میں نرمی آزاد جموں و کشمیر میں سرکاری ملازمت کے تمام محکموں کے لیے نافذ العمل ہو گی، تاہم اس میں چند اہم محکموں کو استثنا حاصل ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح طور پر درج ہے کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ، جیل خانہ جات (پرزنز ڈیپارٹمنٹ) اور ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 میں یہ عمر میں نرمی لاگو نہیں ہو گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہو چکا ہے اور اس کا اطلاق موجودہ حکومت کی مدتِ اقتدار کے اختتام تک رہے گا۔ اس اقدام کا اطلاق صرف آزاد جموں و کشمیر میں سرکاری ملازمتوں پر ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں:پلوامہ حملہ بی جے پی کی سازش تھی،مودی حکومت پر سنگین الزامات، بھارتی سیاستدان کا انکشاف

Scroll to Top