پاکستان نے گلوبل اکنامک گیلپ سروے کے مطابق بھارت پر برتری حاصل کر لی

اسلام آباد: گلوبل اکنامک گیلپ سروے کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے اقتصادی اور امن کے حوالے سے بھارت اور عالمی اوسط پر واضح برتری حاصل کر لی ہے۔ سروے 60 ممالک میں کیا گیا، جس میں پاکستان نے 2026 کے آغاز پر مثبت کارکردگی دکھائی ہے۔

سروے کے مطابق پاکستان میں 51 فیصد لوگ آنے والے سال کے بارے میں پرامید ہیں، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 31 فیصد کا نیٹ مثبت رجحان سامنے آیا ہے۔ اقتصادی حوالے سے 53 فیصد پاکستانی 2026 کو خوشحالی کا سال سمجھتے ہیں۔ یہ شرح بھارت کے 39 فیصد سے کہیں زیادہ ہے جبکہ عالمی اوسط صرف 24 فیصد ہے۔

امن کے حوالے سے بھی پاکستان نے بہتر کارکردگی دکھائی ہے، 52 فیصد پاکستانیوں کا ماننا ہے کہ دنیا میں امن بڑھے گا، جبکہ بھارت میں یہ شرح صرف 26 فیصد ہے۔ یہ سطح پاکستان میں 1994 کے بعد امیدوں میں سب سے بلند ترین ریکارڈ کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوئٹزرلینڈ کے لگژری ریزورٹ میں نیو ایئر نائٹ پر دھماکا، 10 افراد ہلاک

گلوبل اکنامک گیلپ سروے کے مطابق یہ رجحان خصوصی طور پر 1990 کی دہائی کے آخر اور 2010 کی دہائی کے وسط میں دیکھا گیا تھا۔ پاکستان نے سروے کے تین اہم پیمانوں — مجموعی امید، اقتصادی خوشحالی، اور امن کی توقع — میں عالمی سطح پر اوسط سے بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔ ان میں سے دو پیمانوں میں پاکستان نے بھارت پر سبقت حاصل کی، جو ظاہر کرتا ہے کہ غیر یقینی عالمی ماحول کے باوجود پاکستانی عوام 2026 کے حوالے سے پُراعتماد اور پرامید ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:جعلی تصویر، پی ٹی آئی لیڈرکا آرمی کیپٹن سے متعلق دعویٰ بے بنیادنکلا

سروے یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان عالمی اور علاقائی ہم منصبوں کے مقابلے میں معاشی ترقی اور عالمی امن کے بارے میں زیادہ مثبت رجحان رکھتا ہے۔ گلوبل اکنامک گیلپ سروے معاشی ترقی اور عالمی امن کے بارے میں دنیا کو واضح تصویر فراہم کرتا ہے، جس میں پاکستان کی صورتحال نمایاں طور پر بہتر نظر آتی ہے۔

Scroll to Top