ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کیلئے آسٹریلیا کے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان

کرکٹ آسٹریلیا نے فروری 2026 میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی سرگرمیاں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں اور ٹیمیں ایونٹ سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔

اعلان کردہ ابتدائی اسکواڈ میں پیٹ کمنز، کیمرون گرین اور کوپر کنولی کی واپسی ہوئی ہے۔ یہ تینوں کھلاڑی حال ہی میں بھارت کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے، تاہم اب انہیں دوبارہ قومی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اسکواڈ میں ان کی شمولیت آئندہ ورلڈ کپ کے تناظر میں اہم پیش رفت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

چیف سلیکٹر کرکٹ آسٹریلیا جارج بیلی کے مطابق پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور ٹم ڈیوڈ صحتیابی کے مرحلے میں ہیں اور وہ ریکوری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ جارج بیلی نے اس حوالے سے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ تینوں کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری ،ٹاپ ٹین میں کتنے پاکستانی شامل ہیں؟

جارج بیلی نے واضح کیا کہ اعلان کردہ اسکواڈ ابتدائی نوعیت کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپورٹ پیریڈ کے دوران اگر ضرورت محسوس ہوئی تو اسکواڈ میں تبدیلی بھی کی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق ٹیم انتظامیہ حالات اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرے گی۔

اعلان کردہ آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں کپتان مچل مارش شامل ہیں۔ ان کے علاوہ زیوئیر بارٹلیٹ، کوپر کنولی، نیتھن ایلس، پیٹ کمنز، ٹم ڈیوڈ، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، میتھیو کوہنیمن، گلین میکسویل، میتھیو شارٹ، مارکوس اسٹوئنس اور ایڈم زمپا بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

چیف سلیکٹر جارج بیلی نے مزید بتایا کہ پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیمین مارٹن کومہ میں چلے گئے

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری 2026 سے انڈیا اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔

Scroll to Top