نیویارک: نیویارک کی تاریخ میں ایک نیا اور اہم باب رقم ہونے جا رہا ہے، جہاں شہر کے نو منتخب میئر زہران ممدانی آج یکم جنوری 2026 کو اپنی ذمہ داریوں کا آغاز قرآنِ مجید پر حلف اٹھا کر کریں گے۔ اس موقع پر وہ نیویارک کی تاریخ کے پہلے مسلم میئر بن جائیں گے اور ساتھ ہی یہ اعزاز بھی حاصل کریں گے کہ وہ قرآنِ پاک پر حلف لینے والے پہلے میئر ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق نیو یارک سٹی میں منعقد ہونے والی حلف برداری کی تقریب غیر معمولی اہمیت کی حامل ہوگی، جسے دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سرکاری تقریب کے دوران زہران ممدانی اپنے دادا کے ذاتی قرآنِ کریم کے ساتھ ساتھ ایک اور نایاب اور تاریخی قرآن پر بھی حلف اٹھائیں گے۔ یہ قرآن معروف سیاہ فام محقق اور ادیب آرتورو شومبرگ کی ملکیت تھا، جسے خصوصی طور پر نیو یارک پبلک لائبریری کی جانب سے اس تقریب کے لیے فراہم کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی ذرائع کے مطابق آرتورو شومبرگ خود مسلمان نہیں تھے، تاہم انہیں سیاہ فام تاریخ، ثقافت اور علمی ورثے کے نمایاں محافظ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ان کی ذاتی لائبریری میں شامل یہ قرآن آج نیو یارک کی کثیرالثقافتی شناخت اور مذہبی ہم آہنگی کی ایک علامت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جسے تقریب میں نمایاں مقام دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ظہران ممدانی بطور نیو یارک میئر گریسی مینشن منتقل ہوں گے
اسی دن سٹی ہال کے باہر ایک عوامی تقریب بھی منعقد کی جائے گی، جہاں زہران ممدانی ایک مرتبہ پھر قرآنِ کریم پر حلف اٹھائیں گے۔ اس عوامی تقریب میں امریکی سینیٹر برنی سینڈرز ان سے عہدے کا حلف لیں گے۔ متوقع شرکاء میں موجودہ میئر ایرک ایڈمز، کانگریس کے اراکین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شامل ہوں گی۔
زہران ممدانی کا کہنا ہے کہ یہ دن صرف ان کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ نیو یارک میں رہنے والے لاکھوں مسلمانوں کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کے مطابق یہ لمحہ اس بات کی علامت ہے کہ مسلمان شہری بھی اسی احترام اور برابری کے مستحق ہیں جو کسی بھی دوسرے نیو یارکر کو حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ظہران ممدانی کا ٹرمپ کے لیے موقف برقرار، نیویارک کے مسائل پر گفتگوکی
ذرائع کے مطابق زہران ممدانی کی حلف برداری کو نیو یارک کی تاریخ میں تنوع، شمولیت اور مذہبی آزادی کی ایک نئی مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو شہر کی اجتماعی شناخت میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
🚨زہران ممدانی نے قرآن شریف پر ہاتھ رکھ کر نیویارک کے میئر کا حلف اُٹھا لیا۔۔
آج میری زندگی کا بڑا دن ہے، میئرنیویارک زہران ممدانی pic.twitter.com/g9JDMURiV6— Kashmir Digital (@KashmirDigital1) January 1, 2026




