اسلام آباد میں نئے سال کی آمد کے موقع پر تقریبات کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے تفصیلی ٹریفک مینجمنٹ پلان جاری کر دیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق نئے سال کی رات شہر میں مختلف تقریبات، اجتماعات اور تفریحی سرگرمیوں کے باعث ٹریفک میں اضافے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق اس پلان کے تحت وفاقی دارالحکومت کے اہم شاہراہوں، چوراہوں اور حساس مقامات پر 350 سے زائد ٹریفک افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ یہ اہلکار ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، شہریوں کی رہنمائی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈیوٹی انجام دیں گے۔
ٹریفک پلان کے مطابق 31 دسمبر کی شام 7 بجے سے یکم جنوری کی صبح 3 بجے تک اسلام آباد میں بھاری ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی رہے گی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق اس اقدام کا مقصد بھاری گاڑیوں کے باعث پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل کو روکنا اور شہریوں کو محفوظ سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سال 2025 کے بہترین بیٹری لائف سمارٹ فونز کی فہرست جاری
ٹریفک پولیس نے خبردار کیا ہے کہ نئے سال کی تقریبات کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے، جناح ایونیو، سری نگر ہائی وے، کلب روڈ، مری روڈ اور پارک روڈ پر ٹریفک دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ اسی طرح جناح ایونیو فلائی اوور، زیرو پوائنٹ، کھنہ اور پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس کے اطراف بھی رش متوقع ہے، جہاں اضافی نفری تعینات کی جائے گی تاکہ ٹریفک جام سے بچا جا سکے۔
ہلڑ بازی، ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ جیسے غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کے لیے آٹھ خصوصی انفورسمنٹ اسکواڈز تشکیل دیے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق کار اسکیٹنگ، تیز رفتاری اور دیگر خطرناک حرکات کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ٹریفک پولیس نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل یا گاڑی چلانے سے سختی سے روکیں اور ون ویلنگ جیسے خطرناک شوق کی حوصلہ شکنی کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:2025 سفارتکاری کا سال، وزیراعظم ، وزیر خارجہ کے غیر ملکی دوروں کی تفصیل
مزید بتایا گیا ہے کہ شہر کے تفریحی اور انٹرٹینمنٹ مقامات پر خصوصی ٹریفک دستے تعینات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو پارکنگ اور آمدورفت کے حوالے سے کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شام 7 بجے سے صبح 3 بجے تک متبادل راستوں کا استعمال کریں، جبکہ اس دوران سڑکوں پر پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد ہی نئے سال کی رات کو محفوظ اور خوشگوار بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔




