کینیڈا میں مستقل رہائش اختیار کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے ایک اہم موقع سامنے آیا ہے، جہاں کینیڈا کے فیڈرل اسکلڈ ورکر پروگرام کے تحت ایکسپریس انٹری کے ذریعے درخواست کے امکانات کو مزید قابلِ رسائی بنایا گیا ہے۔ یہ پروگرام پاکستان سمیت دنیا بھر کے ہنرمند افراد کے لیے دستیاب ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل اسکلڈ ورکر پروگرام اُن افراد کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جو کینیڈا میں مستقل رہائش حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔ کینیڈین حکام کے مطابق اس پروگرام کے تحت تعلیم، کام کے تجربے، زبان کی مہارت اور دیگر مقررہ معیار کی بنیاد پر ہنر مند کارکنوں کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔
کینیڈا کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کو ایسے پیشہ ور افراد کی ضرورت ہے جو معیشت میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ اس پروگرام کے تحت اہل ہونے کے لیے درخواست دہندگان کو متعلقہ شعبے میں کام کا تجربہ، نیشنل آکیوپیشنل کلاسیفکیشن کے مطابق تعلیم، اور زبان کی مہارت جیسے بنیادی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔
ایکسپریس انٹری سسٹم میں درخواست دہندگان کی اہلیت جانچنے کے لیے پوائنٹس سسٹم استعمال کیا جاتا ہے۔ اگر کوئی امیدوار 67 یا اس سے زیادہ پوائنٹس حاصل کر لیتا ہے تو وہ فیڈرل اسکلڈ ورکر پروگرام کے لیے اہل تصور ہوتا ہے اور ایکسپریس انٹری پول میں اپنی پروفائل جمع کرا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کون بیرون ملک سفر کا اہل ہےکون نہیں؟اب اے آئی ایپ فیصلہ کریگی
پوائنٹس کی تقسیم کے مطابق زبان کی مہارت کے لیے زیادہ سے زیادہ 28 پوائنٹس، تعلیم کے لیے 25 پوائنٹس، ہنر مند کام کے تجربے کے لیے 15 پوائنٹس، عمر کے لیے 12 پوائنٹس، کینیڈا میں ملازمت کی پیشکش پر 10 پوائنٹس اور موافقت کے لیے 10 پوائنٹس مقرر کیے گئے ہیں۔
کینیڈا میں آباد ہونے کے لیے درخواست دہندگان کو اپنے ایکسپریس انٹری پروفائل میں فنڈز کا ثبوت بھی فراہم کرنا ہوگا۔ یہ ثبوت اس بات کی ضمانت ہوتا ہے کہ امیدوار کے پاس کینیڈا میں ابتدائی زندگی گزارنے کے لیے مناسب مالی وسائل موجود ہیں۔ اگر کینیڈین حکام درخواست دینے کی دعوت دیں تو فنڈز کا تحریری ثبوت پیش کرنا لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:بیرون ملک جانیوالوں کیلئے خوشخبری، فوری امیگریشن کیلئے آفس قائم
حکام کے مطابق اگر کسی خاندان کے افراد کی تعداد پانچ ہو تو کم از کم 32 ہزار 168 کینیڈین ڈالرز درکار ہوں گے۔ چھ رکنی خاندان کے لیے یہ رقم 36 ہزار 280 کینیڈین ڈالرز جبکہ سات رکنی خاندان کے لیے 40 ہزار 392 کینیڈین ڈالرز مقرر کی گئی ہے۔ فنڈز کے ثبوت کے طور پر کسی بھی بینک یا مالیاتی ادارے کا آفیشل لیٹر جمع کرانا ہوگا۔




