آزاد کشمیر

برفباری سے مالم جبہ، وادی نیلم اور گلگت بلتستان میں حسین مناظر

ملک کے مختلف حصوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث پہاڑوں پر سفیدی چھا گئی ہے اور سیاحتی مقامات کے مناظر مزید دلکش ہو گئے ہیں، جبکہ سردی کی شدت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

سوات کے سیاحتی مقام مالم جبہ میں ہر جانب برف کی سفید چادر بچھ چکی ہے۔ آسمان سے گرتی برف وادی کے مناظر کو حسین بنا رہی ہے اور پہاڑ، درخت اور کھلی جگہیں مکمل طور پر برف میں ڈھک گئی ہیں۔ دھند میں لپٹی وادی اور برف سے ڈھکے پہاڑ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، جہاں آنے والے افراد قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

سیاحوں کا کہنا ہے کہ جاری برفباری کے باعث مالم جبہ کا حسن دوبالا ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق برف میں ڈھکے مناظر اور سرد موسم کے یہ لمحات ایسی یادیں بن رہے ہیں جو طویل عرصے تک دل میں محفوظ رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: بارشیں اور برف باری، محکمہ موسمیات نے نئے سلسلے کی پیشگوئی کردی

جنوبی وزیرستان اور شمالی وزیرستان کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری اور بارش کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے، جس سے علاقے میں سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔

ادھر آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں تیز اور ہلکی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ جاگراں، اپر نیلم، شاردہ، اڑنگ کیل، گریس اور تاوبٹ سمیت وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مرکزی شاہراہ نیلم اور دیگر رابطہ سڑکوں پر پھسلن بڑھنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:مودی سرکار سچ سے خوفزدہ، کشمیر ڈیجیٹل کا ایکس اکاؤنٹ بھارت میں بلاک

دوسری جانب گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی برفباری جاری ہے۔ چلاس، بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اور بٹوگاہ ٹاپ پر ہونے والی برفباری سے ان مقامات کے مناظر برف سے ڈھک گئے ہیں اور سرد موسم کی شدت برقرار ہے۔

Scroll to Top