سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کے انتقال پر بی پی ایل میچز ملتوی کر دیے گئے

ڈھاکا: بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کے انتقال کے بعد بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے میچز ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ ملتوی ہونے والے میچز کا از سر نو شیڈول جلد اعلان کیا جائے گا۔

خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ وہ جگر کے عارضے سمیت متعدد بیماریوں میں مبتلا تھیں اور طویل عرصے سے اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ تاہم آج صبح مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے دارالحکومت ڈھاکا کے اسپتال میں ان کا انتقال ہوا۔

گزشتہ روز ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو انتہائی تشویشناک قرار دیا تھا۔ ان کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کے رکن ڈاکٹر ضیاء الحق کا کہنا تھا کہ خالدہ ضیا کو لائف سپورٹ پر رکھا گیا تھا اور باقاعدگی سے ڈائیلاسس کیا جا رہا تھا۔ ڈاکٹر ضیاء الحق نے بتایا کہ جب بھی ڈائیلاسس روکا جاتا تو ان کی حالت میں نمایاں بگاڑ آ جاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ عمر اور متعدد پیچیدہ بیماریوں کی وجہ سے ایک ساتھ ہر بیماری کا علاج ممکن نہیں رہا۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیراعظم خالدہ ضیا انتقال کر گئیں

خالدہ ضیا بنگلہ دیش کی معروف سیاستدان تھیں، جنہوں نے 1991 سے 1996 اور پھر 2001 سے 2006 تک ملک کی وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں اور مسلم دنیا میں بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی رکھتی تھیں۔

خالدہ ضیا بنگلادیش کے سابق صدر ضیاء الرحمان کی اہلیہ تھیں۔ سیاسی کیریئر کے دوران ان پر کرپشن کے الزامات لگے اور انہیں 2018 میں پانچ برس کے لیے جیل بھی کاٹنا پڑی۔ عوامی لیگ کی لیڈر شیخ حسینہ واجد سے ان کی طویل سیاسی رقابت رہی، جو گزشتہ سال حکومت چھوڑنے پر مجبور ہو گئیں۔

یہ بھی پڑھیں:بی پی ایل: 9 قومی کرکٹرز کو این او سی جاری، بڑے نام بھی شامل

خالدہ ضیا کے بیٹے اور بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کے عبوری چیئرمین طارق رحمان چند روز قبل 17 سالہ جلاوطنی ختم کر کے وطن واپس پہنچے تھے۔ ان کی واپسی ایسے وقت میں ہوئی جب بنگلہ دیش میں اہم انتخابات ہونے والے ہیں۔

Scroll to Top