پٹرول

سالِ نو پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی متوقع

اسلام آباد: (کشمیر ڈیجیٹل)عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد نئے سال کے موقع پر پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ عالمی منڈی میں قیمتوں میں آنے والی اس کمی کے اثرات ملکی سطح پر ایکس ریفائنری قیمتوں میں واضح طور پر دیکھے جا رہے ہیں، تاہم قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی فی بیرل قیمت 75 ڈالر 5 سینٹ سے کم ہو کر 69 ڈالر 73 سینٹ فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے۔ اس طرح عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی فی بیرل قیمت میں مجموعی طور پر 5 ڈالر 32 سینٹ کی کمی واقع ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی قیمتوں میں کمی کے بعد ملکی سطح پر بھی پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں 11 روپے فی لٹر کمی آئی ہے، جس کے بعد نئی ایکس ریفائنری قیمت 145 روپے 66 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ کے وسط، یعنی 15 دسمبر کو پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 156 روپے 66 پیسے فی لٹر تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی سے متعلق آئندہ پانچ سال کا منصوبہ سامنے آ گیا

اسی طرح عالمی منڈی میں ڈیزل کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی فی بیرل قیمت میں 4 ڈالر 35 سینٹ کی کمی واقع ہوئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی عالمی قیمت 84 ڈالر 27 سینٹ فی بیرل سے کم ہو کر 79 ڈالر 92 سینٹ فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے۔
عالمی منڈی میں کمی کے اثرات ملکی سطح پر ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں بھی دیکھے گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں 9 روپے 57 پیسے فی لٹر کمی آئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 164 روپے 92 پیسے فی لٹر سے کم ہو کر 155 روپے 35 پیسے فی لٹر کی سطح پر آ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خفیہ اداروں کی کارروائی، پکڑی گئی خودکش بمبار کے تہلکہ خیز انکشافات

اس طرح عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں پاکستان میں نئے سال کے آغاز پر پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم رپورٹ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کسی بھی قسم کی تبدیلی سے متعلق حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔

Scroll to Top