شان مسعود

177 گیندوں پر تیز ترین فرسٹ کلاس ڈبل سنچری ، شان مسعود نے نیا قومی ریکارڈ قائم کر دیا

پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نیا قومی ریکارڈ قائم کر دیا ہے ۔

شان مسعود پاکستان کی تاریخ میں تیز ترین فرسٹ کلاس ڈبل سنچری بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں ، جس پر انہیں کرکٹ حلقوں کی جانب سے بھرپور داد دی جا رہی ہے ۔

قائداعظم ٹرافی کے ایک میچ میں ایس این جی پی ایل کی نمائندگی کرتے ہوئے شان مسعود نے ساحر ایسوسی ایٹس کیخلاف یہ تاریخی کارنامہ انجام دیا۔

انہوں نے صرف 177 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کر کے نہ صرف نیا ریکارڈ قائم کیا بلکہ پرانا ریکارڈ بھی توڑنے میں کامیاب ہوئے ۔

اس سے قبل یہ اعزاز سابق کپتان انضمام الحق کے پاس تھا، جنہوں نے 1992 میں آکسفورڈ اور کیمبرج یونیورسٹی کیخلاف فرسٹ کلاس ٹور میچ میں 188 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی تھی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:قومی کرکٹر عماد وسیم اور ان کی اہلیہ ثانیہ اشفاق کی راہیں جدا ہو گئیں

شان مسعود کی یہ ڈبل سنچری ایک اور اعتبار سے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ یہ پاکستانی سرزمین پر بننے والی تیز ترین فرسٹ کلاس ڈبل سنچری ہے ۔

اس سے قبل یہ اعزاز بھارتی لیجنڈ بیٹر وریندر سہواگ کے پاس تھا، جنہوں نے 2006 میں لاہور ٹیسٹ کے دوران پاکستان کے خلاف 182 گیندوں پر ڈبل سنچری اسکور کی تھی ۔

میچ کے پہلے دن کے اختتام پر شان مسعود 185 گیندوں پر 212 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ ان کی اس اننگز میں جارحانہ بیٹنگ ، بہترین شاٹ سلیکشن اور بھرپور اعتماد نمایاں تھا ۔

شان مسعود کی اس شاندار کارکردگی نے نہ صرف ان کی فارم پر لگنے والے سوالات ختم کر دیے ہیں بلکہ قومی ٹیم کے لیے بھی ایک مثبت پیغام دیا ہے ۔

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ شان مسعود کی یہ اننگز ان کے کیریئر کی بہترین فرسٹ کلاس اننگز میں شمار کی جائے گی اور آنے والے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے ان کے اعتماد میں مزید اضافہ کرے گی ۔

Scroll to Top