سکیورٹی فورسز

بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن ،بھارتی حمایت یافتہ 4 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی:  بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ایک کارروائی کے دوران علاقے میں بھارتی پروکسی گروپ ’’فتنہ الہندوستان ‘‘کے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ۔

 پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی ، لیکن طویل اور شدید مقابلے کے بعد چار بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ۔

ذرائع کے مطابق یہ دہشتگرد علاقے میں مختلف دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور شہریوں کے لیے سنگین خطرہ تھے ۔

سکیورٹی فورسز نے ہلاک شدہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے مزید معلومات حاصل کیں تاکہ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کا سراغ لگایا جا سکے ۔

حکام نے بتایا کہ علاقے میں سکیورٹی آپریشنز ابھی بھی جاری ہیں تاکہ کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کرک میں سکیورٹی فورسز کا بڑا ایکشن، 8 دہشت گرد ہلاک کر دئیے ، کئی زخمی حالت میں فرار

سکیورٹی ادارے پاکستان کے قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق ملک میں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں ۔

سکیورٹی اداروں نے واضح کیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے اور عوام کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی۔

قلات میں کامیاب کارروائی کا یہ پیغام بھی ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز کسی بھی دہشت گردانہ سرگرمی کو برداشت نہیں کریں گی ۔

اس کارروائی کو ملک میں انسداد دہشتگردی کی جاری مہم میں ایک اہم سنگِ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ، جس سے علاقے میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہوگی اور غیر ملکی مداخلت کے اثرات کم ہوں گے ۔

Scroll to Top