آسٹریلیا : پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بگ بیش لیگ (BBL) کے ایک میچ کے دوران گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔
ان کی یہ انجری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز میں صرف ایک مہینے کا وقت باقی رہ گیا ہے ۔
شاہین شاہ آفریدی آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔ وہ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہوئے، جس کے بعد انہیں میدان چھوڑ کر باہر جانا پڑا تھا ۔
لیگ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہین آفریدی لنگڑاتے ہوئے میدان سے باہر جا رہے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بگ بیش ٹی20 لیگ ،شاہین آفریدی کی برسبین ہیٹ نے حسن علی کی ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز 7 رنز سے شکست دے دی
ابتدائی رپورٹس کے مطابق قومی فاسٹ بولر کو گھٹنے میں تکلیف محسوس ہوئی ہے ، تاہم انجری کی شدت اور نوعیت کا حتمی فیصلہ ایم آر آئی رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جا سکے گا ۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 29 جنوری 2026 سے بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس ایونٹ سے قبل پاکستان ٹیم سری لنکا کے خلاف تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی ۔
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ شاہین شاہ آفریدی 2022 میں بھی گھٹنے کی انجری کا شکار ہو چکے ہیں، جس کے باعث انہیں طویل عرصے تک کرکٹ سے دور رہنا پڑا تھا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شارجہ میں پاکستانی نوجوان نے شیخ محمد بن زاید یوتھ کیمل ریس جیت لی
موجودہ انجری نے ایک بار پھر ان کی فٹنس اور ورلڈ کپ میں شرکت پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے ۔




