نئی دہلی: بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں دریائے چناب پر دلہستی سٹیج ٹو پن بجلی منصوبے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔
بھارتی حکومت نے دلہستی سٹیج ٹو ہائیڈرو پاور منصوبے کی منظوری دی ہے جس پر پاکستان نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ یہ منصوبہ بھارت کے غیر قانونی قبضے میں موجود جموں و کشمیر میں تعمیر کیا جائے گا اور اس سے 260 میگاواٹ تک بجلی پیدا ہونے کی توقع ہے۔
اس منصوبے پر مجموعی لاگت 3 ہزار 277 کروڑ 45 لاکھ بھارتی روپے رکھی گئی ہے اور منصوبے پر عملی کام آئندہ سال کے آغاز میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ منصوبے کو بھارت کی سرکاری کمپنی این ایچ پی سی لمیٹڈ تیار کرے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دلہستی سٹیج ٹو منصوبہ پاکستان کے لیے دفاعی اور تزویراتی لحاظ سے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ دریائے چناب پاکستان کے حصے میں آنے والے دریاؤں میں شامل ہے۔ اس منصوبے کی تعمیر سندھ طاس معاہدے کی روح کے منافی ہے، جسے بھارت نے حال ہی میں یکطرفہ طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: واضح کرچکے کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیاجائیگا، فیلڈ مارشل عاصم منیر
نئے دلہستی سٹیج ٹو منصوبے میں دلہستی سٹیج ون کے موجودہ ڈھانچے کو استعمال کیا جائے گا۔ دلہستی سٹیج ون منصوبہ 390 میگاواٹ کی پیداوار کے ساتھ 2007 میں مکمل ہوا تھا اور یہ رن آف دی ریور سکیم کے تحت چل رہا ہے۔ نئے مرحلے میں اسی ڈیم، ذخیرۂ آب اور پاور انٹیک کو استعمال کیا جائے گا۔
دلہستی سٹیج ٹو منصوبے کی تیاری اور تعمیر کے لیے این ایچ پی سی لمیٹڈ تمام تکنیکی اور انتظامی ذمہ داریاں سنبھالے گی، جبکہ بھارت کے مقامی حکام نے منصوبے کی تیز رفتار تکمیل کو یقینی بنانے کا اعلان کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق، اس منصوبے سے پاکستان کو پانی کی دستیابی اور زرعی شعبے میں ممکنہ خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے، اور یہ خطے کے تزویراتی توازن پر بھی اثر ڈال سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دریائے چناب پربھارتی آبی جارحیت سے نمٹنے کیلئے ڈیم بنانےکا فیصلہ
یہ منصوبہ بھارت کے غیر قانونی قبضہ والے جموں و کشمیر میں تعمیر کیا جا رہا ہے، جس پر پاکستان نے بار بار احتجاج کیا ہے اور اسے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ دلہستی سٹیج ٹو منصوبہ پہلے سے موجود دلہستی سٹیج ون کی بنیاد پر تعمیر ہوگا، جس سے نہ صرف پانی کے بہاؤ میں ردوبدل ہو سکتا ہے بلکہ پاکستان کے حصے میں آنے والے پانی پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔




