سیکیورٹی فورسز کی ضلع پنجگور میں کارروائی، 2 اہم کمانڈروں سمیت 4 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے ضلع پنجگور کے علاقے تَسْپ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی کارروائی کے دوران 2 اہم کمانڈروں سمیت 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، سرکاری ذرائع نے تصدیق کر دی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن علاقے میں انتہائی اہم دہشتگرد کمانڈروں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کا گھیراؤ کیے جانے پر دہشتگردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔

ہلاک ہونے والوں میں کمانڈر عبدالمطلب اور کمانڈر سلیم عرف رکتی شامل ہیں، جو شدت پسند تنظیموں کے اہم رہنما تصور کیے جاتے تھے۔ کمانڈر عبدالمطلب ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ تھا اور ماضی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں ملازم بھی رہ چکا تھا۔ وہ متعدد دہشتگردی کی وارداتوں میں مطلوب تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی نہایت منظم منصوبہ بندی کے تحت کی گئی اور تکنیکی ذرائع سے انٹیلی جنس کی مزید تصدیق کی گئی۔ اسپیشل فورسز کے دستوں نے حصہ لیا اور علی الصبح عمارت سے نکلنے والے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کامیاب کلیئرنس آپریشن کے بعد تمام اہلکار بحفاظت واپس اپنی بیس پر پہنچ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بنیاد پر بڑا آپریشن، بھارتی پراکسی دہشتگرد ہلاک

ہلاک دہشتگردوں کی شناخت عبدالمطلب ولد عبدالقادر ساکن عیسائی پنجگور، حکیم ولد حاصل خان ساکن کالگ پنجگور، اکبر ولد برکت ساکن نوروز تحصیل ضلع کیچ (تربت) کے طور پر ہوئی، جبکہ چوتھے دہشتگرد کی شناخت کا عمل جاری تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد بلوچستان میں متعدد سنگین کارروائیوں میں ملوث تھے، جن میں 31 اگست کو کوئیک سپورٹ پٹرول پر حملہ، ستمبر میں این 85 پر ناکہ بندی، اکتوبر میں نیوان کور میں سیکیورٹی ٹیم پر گھات لگا کر حملہ جس میں 4 سیکیورٹی جوان شہید ہوئے، گوارگو کے قریب پی ٹی سی ایل ٹاور کی توڑ پھوڑ، 2 دسمبر کو پنجگور ہیڈکوارٹر پر راکٹ حملہ، پنچی پولیس اسٹیشن پر حملہ اور 20 دسمبر کو آر ڈی 72 پوسٹ پر حملہ شامل ہے جس میں 4 سیکیورٹی جوان شہید اور 2 زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:بنوں میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز، 17 دہشت گرد ہلاک

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا، جس میں 3 اے کے 47 رائفلیں، ایک ایم 16 رائفل، سینکڑوں گولیاں، دستی بم، تھریا سیٹلائٹ فون، وائرلیس سیٹس، موبائل فونز، بینڈیولرز، ایک ٹویوٹا ڈبل کیبن گاڑی اور 79 ہزار روپے نقد رقم شامل ہیں۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس کامیاب کارروائی سے پنجگور میں سرگرم دہشتگرد نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا لگا ہے اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے فورسز کے عزم کو مزید تقویت ملی ہے۔

Scroll to Top