اسلام آباد (27 دسمبر 2025) وزارت اوورسیز پاکستانیز کی مسلسل کوششوں کے بعد پاکستانی ورکرز کے لیے یورپ میں روزگار کے دروازے کھل گئے ہیں۔ وفاقی وزیر اوورسیز چودھری سالک حسین نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ تین سال کے لیے اٹلی نے پاکستان کو ساڑھے 10 ہزار نوکریوں کا کوٹہ فراہم کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق ہر سال ساڑھے تین ہزار پاکستانی ورک ویزا پر اٹلی جائیں گے، جن میں 1,500 سیزنل کوٹہ اور دو ہزار نان سیزنل کوٹہ شامل ہوگا۔ چودھری سالک حسین نے کہا کہ اٹلی کی جانب سے نوکریوں میں کوٹہ مختص کرنا ایک اہم سنگ میل ہے اور اس کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
یہ بھی پرھیں: عمان میں توانائی اور معدنیات کے شعبےمیں روزگار کے مواقع!
وزیر اوورسیز نے بتایا کہ طویل محنت اور سفارتی کوششوں کے بعد اٹلی میں پاکستانی ورک فورس کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، جو پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند ورکرز کے لیے خوش آئند خبر ہے۔ وزارت اوورسیز پاکستانیز کے ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر کی خصوصی درخواست منظور ہونے کے بعد پاکستان کو شپ بریکنگ، ہاسپیٹیلی، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبوں میں ورکرز بھیجنے کی اجازت دی گئی ہے۔
پاکستانی ورک فورس ویلڈرز، ٹیکنیشن، شیف، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشن، فارمنگ اور کاشتکاری جیسے شعبوں میں روزگار کے مواقع حاصل کرے گی۔
یہ بھی پرھیں: 2026میں کونسی ڈگریاں رکھنے والوں کو زیادہ نوکریاں ملیں گی؟
یہ اقدام نہ صرف پاکستانی ورکرز کے لیے نئے روزگار کے دروازے کھولے گا بلکہ ملکی معیشت اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کی معاشی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ وزارت اوورسیز کی کامیاب کوششوں سے پاکستانی ورک فورس کو عالمی منڈی میں مضبوط مقام حاصل ہونے کی توقع ہے۔




