وزیراعظم آزاد کشمیر کا بے نظیر بھٹو شہید کی 18 ویں برسی پر خصوصی پیغام

مظفرآباد (27 دسمبر 2025) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر، راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے دخترِ مشرق، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 18 ویں برسی کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی عظیم قومی، جمہوری اور عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ نے اپنی پوری زندگی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور خواتین کے بااختیار فروغ کے لیے وقف کیے رکھی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو عالمِ اسلام کی پہلی منتخب وزیراعظم تھیں جنہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں جمہوری جدوجہد کی روشن مثال قائم کی۔ انہوں نے آمریت، جبر اور انتہا پسندی کے خلاف بے خوف ہو کر جدوجہد کی اور ہمیشہ عوامی طاقت پر کامل یقین رکھا۔ ان کا سیاسی فلسفہ عوام کی خدمت، جمہوری اقدار اور قومی یکجہتی کے گرد گھومتا تھا، جو آج بھی مشعلِ راہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اساتذہ کواب مطالبات منوانے کیلئے سڑکوں پر آنے کی ضرورت نہیں پڑیگی، فیصل راٹھور

پیغام میں کہا گیا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو مسئلۂ کشمیر کے حوالے سے کشمیری عوام کی بھرپور حامی رہیں اور عالمی سطح پر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کرتی رہیں۔ ان کی جدوجہد کشمیری عوام کے لیے حوصلے کا ایک مستقل سرچشمہ ہے، جس نے ہر دور میں کشمیریوں کو استقامت اور حوصلہ عطا کیا۔

وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ یہ دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم محترمہ بے نظیر بھٹو کے فلسفے، عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور قومی یکجہتی کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی، استحکام اور مظلوم کشمیری عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ہمیں ان کے مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آخر میں انہوں نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کیا۔

Scroll to Top