کویت کی وزارتِ داخلہ نے غیر ملکی شہریوں کے داخلے، رہائش اور وزٹ ویزا سے متعلق نئے ضوابط کا اعلان کر دیا ہے، جن کا مقصد ملک میں رہائشی نظام کو مزید منظم اور شفاف بنانا ہے ۔
نئے قواعد کے تحت داخلہ اور وزٹ ویزوں کے لیے ماہانہ فیس 10 کویتی دینار مقرر کی گئی ہے، جو 23 دسمبر 2025 سے نافذ العمل ہو چکی ہے ۔
وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق قانون نمبر 116/2013 کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ویزے KDIPA کی درخواست پر جاری کیے جائیں گے ۔
اہل سرمایہ کار زیادہ سے زیادہ 15 سال کے لیے رہائشی اجازت نامہ حاصل کر سکتے ہیں، جو وزرا کونسل کے مقررہ اصولوں کے مطابق ہوگا ۔
غیر ملکی شہریوں کے بچوں کی پیدائش کا اندراج چار ماہ کے اندر کرنا لازمی ہوگا۔ مقررہ مدت میں اندراج نہ کرانے پر جرمانہ عائد ہوگا، جو پہلے مہینے میں یومیہ 2 کویتی دینار اور بعد میں یومیہ 4 کویتی دینار تک بڑھ جائے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نئی تاریخ رقم،کویت میں بیٹھے سرجنز نے کراچی کے ہسپتال میں مریضہ کی سرجری کر لی
گھریلو ملازمین کیلئے نئی شقوں میں عمر کی حد 21 تا 60 سال مقرر کی گئی ہے۔ گھریلو ملازمین کے داخلے کے اجازت نامے آجر کی درخواست پر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کے تعاون سے جاری کیے جائیں گے ۔
رہائشی پرمٹ رکھنے والے ملازمین زیادہ سے زیادہ چار ماہ تک ملک سے باہر رہ سکتے ہیں، ورنہ ان کی رہائش منسوخ تصور کی جائے گی، جب تک کہ کفیل پیشگی اجازت حاصل کرے ۔
یہ ضابطہ ان ملازمین پر لاگو نہیں ہوگا جو نئے قوانین کے نفاذ سے قبل ملک چھوڑ چکے تھے ۔
وزارت داخلہ کے مطابق یہ اقدامات سرمایہ کاروں، رہائشیوں اور آجروں کے لیے واضح فریم ورک فراہم کرنے، ذمہ داریوں کا تعین کرنے اور فیس کے نظام کو یکساں بنانے کے لیے کیے گئے ہیں ۔




