واشنگٹن/اوٹاوا: امریکہ اور کینیڈا کے کئی علاقوں میں شدید برفانی طوفان، تیز ہواؤں اور سخت سردی کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہو گیا، طوفان کے باعث مختلف حادثات میں 14 افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور درجہ حرارت ابھی مزید گرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
امریکی نیشنل ویدر سروس کے مطابق مونٹانا اور نارتھ ڈکوٹا میں درجہ حرارت منفی 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہےجبکہ متعدد علاقوں میں ریکارڈ توڑ سردی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ریاست کینٹکی کے گورنر نے تصدیق کی ہے کہ شدید برفانی طوفان کے باعث 12 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ویسٹ ورجینیا اور جارجیا میں بھی ایک ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔ حکام کے مطابق کئی افراد لاپتہ ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,000 سے زائد شہریوں کو ریسکیو کیا گیا ہے۔
مغربی ورجینیا، پنسلوانیا اور میری لینڈ میں طوفان کی شدت کے باعث 50 ہزار سے زائد افراد بجلی سے محروم ہوگئے جس سے معمولات زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے،متعدد ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کینیڈا کے بیشتر حصے بھی شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں۔ موسم کی خراب صورتحال کے باعث 150 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ کئی علاقوں میں سڑکوں پر برف کی موٹی تہہ جمی ہوئی ہے، جس کے باعث ٹریفک حادثات میں اضافہ ہواہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کا پاکستان اور کشمیر کے مضبوط رشتےکا اعادہ، حکومت کے چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی
ماہرین موسمیات کے مطابق مشرقی اونٹاریو اور مغربی کیوبیک کے کئی علاقوں میں مزید 25 سے 40 سینٹی میٹر تک برفباری کی توقع ہے، جبکہ شدید برفانی ہوائیں چلنے کی پیشن گوئی ہے۔
حکام نے شہریوں کو گھروں میں رہنےغیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسم کی تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔