لیونل میسی

فٹ بال کے عالمی سپر اسٹار لیونل میسی 21ویں صدی کے بہترین ایتھلیٹ قرار

فٹ بال کے عالمی سپر اسٹار لیونل میسی کو 21ویں صدی کا بہترین ایتھلیٹ قرار دے دیا گیا ہے ۔

کینیڈا کے معروف اخبار لی ژورنال دے کیوبک کی جانب سے جاری کی گئی درجہ بندی میں میسی نے تمام کھیلوں کے نامور ستاروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا ۔

اس عالمی فہرست میں اکیسویں صدی کے پہلے 25 برسوں کے سب سے بڑے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔ میسی کے بعد امریکی فٹ بالر ٹام بریڈی دوسرے اور اولمپکس کے سب سے کامیاب تیراک مائیکل فیلپس تیسرے نمبر پر رہے ۔

خواتین ٹینس کی لیجنڈ سرینا ولیمز چوتھے ، دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ پانچویں اور باسکٹ بال سپر اسٹار لیبرون جیمز چھٹے نمبر پر ہیں۔

میسی کے دیرینہ حریف کرسٹیانو رونالڈو 10ویں پوزیشن پر ہیں، جن کے آگے نوواک جوکووچ، سیمون بائلز اور مرحوم باسکٹ بال اسٹار کوبی برائنٹ شامل ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:دورہ سری لنکا کیلئے پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان جلد متوقع، شاداب خان کی ٹیم میں واپسی یقینی

فہرست میں دیگر مشہور کھلاڑیوں میں ٹائیگر ووڈز، راجر فیڈرر، رافیل نڈال، اسٹیفن کری، لیوس ہیملٹن، مائیکل شوماخر، شوہے اوہتانی اور برازیل کی فٹبال اسٹار مارٹا بھی شامل ہیں ۔

لیونل میسی اس وقت امریکی کلب انٹر میامی اور ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے کپتان ہیں ۔ انہوں نے 2022 میں قطر میں ہونے والا فٹ بال ورلڈ کپ جیت کر اپنے کیریئر کا سب سے بڑا خواب پورا کیا۔

رواں ماہ ہی میسی نے انٹر میامی کو اپنی تاریخ کی پہلی میجر لیگ سوکر چیمپئن شپ دلائی اور اس دوران انہیں گولڈن بوٹ اور مسلسل MVP ایوارڈز سے نوازا گیا۔

کلب فٹبال میں میسی نے بارسلونا کیساتھ 10 بار لا لیگا اور 4 بار یوئیفا چیمپئنز لیگ جیتی، جبکہ پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

ان کی شاندار اور مسلسل کارکردگی نے انہیں جدید فٹبال کا سب سے بڑا نام بنا دیا ہے۔ میسی کا انٹر میامی کیساتھ معاہدہ 2028 تک ہے۔

Scroll to Top