سولر کی قیمت میں اچانک حیران کن کمی،عام صارف اب بھی محروم

پاکستان میں سولر توانائی کو سستی اور پائیدار توانائی کا بہترین متبادل قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس کے باوجود عام پاکستانی آبادی کی ایک بڑی تعداد ابھی تک اس سہولت سے محروم ہے۔ بجلی کے مسلسل بڑھتے ہوئے نرخ اور سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود کم آمدنی والے گھرانے اور چھوٹے کاروبار سولر نظام اختیار نہیں کر پا رہے۔

ذرائع کے مطابق اس صورتحال کی بنیادی وجہ ٹیکنالوجی یا منافع کا فقدان نہیں بلکہ ابتدائی سرمایہ کاری اور مالی معاونت کی کمی ہے۔ دستیاب معلومات میں بتایا گیا ہے کہ سولر توانائی اپنانے کے عمل میں برابری کا ایک واضح خلا موجود ہے۔ خوشحال گھرانے اور بڑے صنعتی ادارے سولر توانائی کے زیادہ تر فوائد حاصل کر چکے ہیں، جبکہ کم آمدنی والے گھرانے اور چھوٹے کاروبار اس دوڑ میں پیچھے رہ گئے ہیں۔

مطالعے کے مطابق 2022 کے توانائی بحران اور اس کے بعد پیدا ہونے والے معاشی دباؤ کے نتیجے میں تقسیم شدہ شمسی توانائی کے نظام میں غیر متناسب رجحان سامنے آیا۔ ابتدائی مرحلے میں صنعتی اور تجارتی صارفین نے بجلی کی تسلسل اور لاگت میں کمی کے لیے سولر نظام اپنایا۔ اس کے بعد 2023 سے 2025 کے دوران بیٹری پیک کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی، جس کے باعث ہائبرڈ سولر سسٹمز خوشحال گھرانوں اور بڑے کاروباری اداروں کے لیے قابلِ عمل بن گئے۔

یہ بھی پڑھیں: سولر صارفین کیلئے نیٹ میٹرنگ پالیسی تبدیل، نیا بلنگ نظام متعارف

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اس کے برعکس کم آمدنی والے افراد اب بھی اس سہولت سے محروم ہیں۔ عالمی سطح پر سولر پینلز کی قیمتوں میں کمی کے باوجود تنصیب کی لاگت بہت سے ممکنہ صارفین کے لیے ناقابل برداشت بنی ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سولر توانائی کا فائدہ ہر طبقے تک یکساں طور پر منتقل نہیں ہو پا رہا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی تقسیم شدہ سولر مارکیٹ میں صرف تین بڑے شہروں میں تقریباً 800 ارب روپے کی غیر استعمال شدہ قرضہ جاتی گنجائش موجود ہے۔ اس کے باوجود مالیاتی ڈھانچے کی کمزوریوں کے باعث لاکھوں گھرانے اور چھوٹے کاروبار اس سہولت سے فائدہ اٹھانے سے قاصر ہیں۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق یہ خلا بدستور موجود ہے، جس کے باعث سولر توانائی کی بڑھتی ہوئی افادیت کے باوجود عام صارفین تک اس کی رسائی محدود دکھائی دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں سولر انقلاب: اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری اورروزگار کے مواقع

Scroll to Top