بانی پاکستان کے لیے آئی ایس پی آر کا نیا ملی نغمہ ’پیغام قائد‘ جاری

اسلام آباد (25 دسمبر 2025) یوم قائد کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے نیا ملی نغمہ ’’پیغامِ قائد‘‘ جاری کر دیا گیا، جس میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

ملی نغمہ قائداعظم کے فرمودات، قیام پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور تاریخی جدوجہد کی عکاس ہے۔ نغمہ دشمنوں کے عزائم کے خلاف قومی استقامت اور عزم کو اجاگر کرتا ہے اور قائداعظم کی قائدانہ صلاحیتوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ یہ نغمہ قائداعظم کے افکار کی تجدید اور پاکستان کے محفوظ و باوقار مستقبل کا مظہر بھی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افواج پاکستان نے قائداعظمؒ کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظمؒ کی مثالی قیادت آج بھی قوم اور افواج پاکستان کے لیے مشعل راہ ہے۔ چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی بابائے قوم کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ علاوہ ازیں، چیف آف ایئر اسٹاف اور چیف آف نیول اسٹاف نے بھی قائداعظمؒ کے نظریات کے مطابق اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: قائداعظم کی استقامت، دیانت اور نظم و ضبط آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں: فیصل ممتاز راٹھور

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ افواج پاکستان قائداعظمؒ کے نظریات اور امنگوں کے مطابق بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کے ساتھ ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی استحکام، امن و ترقی کے لیے اپنی کاوشوں کو جاری رکھے گی۔

واضح رہے کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 149 واں یوم پیدائش آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 149واں یوم پیدائش آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

Scroll to Top