ایمان، اتحاد اور تنظیم کے علمبردار، بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو قوم کی جانب سے سلام پیش کیا جا رہا ہے۔ بابائے قوم کا 149 واں یومِ پیدائش آج ملک بھر میں انتہائی عقیدت، احترام اور ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے جبکہ سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
یومِ پیدائش کے موقع پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل افتخار حسین چوہدری (ہلالِ امتیاز) ہیں۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے مزارِ قائد پر سلامی پیش کی گئی، جس سے بابائے قوم کے لیے قوم کے احترام اور عقیدت کا اظہار کیا گیا۔
دن بھر مختلف تقریبات میں قائداعظم محمد علی جناح کی مسلمانانِ ہند اور پاکستان کے قیام کے لیے کی جانے والی انتھک اور ناقابلِ فراموش خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ ان تقریبات میں بابائے قوم کی جدوجہد، قربانیوں اور قیادت کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ وہ پیشے کے اعتبار سے وکیل اور ایک سیاست دان تھے۔ اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے انہوں نے ایک آزاد ریاست کے خواب کو حقیقت میں بدلا۔ ایمان، اتحاد اور تنظیم پر مبنی اصول ان کی زندگی کا نچوڑ قرار دیے جاتے ہیں۔ بابائے قوم نے اپنے کردار اور عمل سے یہ ثابت کیا کہ سچی اور دیانت دار قیادت قوموں کی تقدیر بدل سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلح افواج کا قائداعظم کے نظریات وامنگوں کے مطابق قومی استحکام، امن وترقی کیلئے کردار ادا کرنے کا اعادہ
نہرو، پٹیل اور گاندھی جیسے سیاستدانوں کی موجودگی میں قائداعظم نے قوم کو پاکستان کی منزل سے ہمکنار کیا۔ قائداعظم کا خواب ایک ایسے پاکستان کا تھا جہاں ہر فرد کو مساوی حقوق اور آزادی حاصل ہو۔ انہوں نے دو قومی نظریے کی بنیاد پر مسلمانوں کو علیحدہ وطن دلایا، جو تاریخ کا ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔ مسلمانوں پر ان کا یہ عظیم احسان کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
یومِ پیدائش کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم نے بلا تفریق رنگ و نسل، مذہبی ہم آہنگی، معاشرتی رواداری اور انصاف جیسے رہنما اصولوں کا درس دیا۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کی سیاست میں بڑی تبدیلی، طارق رحمان کی 17 سال بعد وطن واپسی
افواجِ پاکستان، آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ افواجِ پاکستان نے قائداعظم کے مضبوط، خودمختار، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کے عزم کا اعادہ کیا اور قومی استحکام، امن اور ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔




