بالائی علاقوں میں نیا موسمی نظام داخل، شدید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق19 فروری سے ملک کے بالائی علاقوں کے ساتھ اسلام آباد ، پنجاب اور بلوچستان میں بھی ایک نیا موسمی نظام داخل ہو رہا ہےجو بارشوں اور برفباری کا باعث بنے گا۔

تفصیلات کے مطابق19 سے 21 فروری کے دوران کشمیر،گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا ،اسلام آباد اور پنجاب میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر بعض مقامات پر برفباری کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی آج اور کل بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے جبکہ 19 سے 21 فروری کے دوران سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں 19 سے 21 فروری کے دوران وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جس کے مطابق مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ اور نیلم ویلی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب 19 سے 21 فروری کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ 19 اور 20 فروری کو چترال، دیر، سوات، پشاور اور چارسدہ میں اس دوران بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی ہے۔

کوئٹہ، زیارت، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور خضدار میں 18 اور 19 فروری کے دوران بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ19 سے 21 فروری کے دوران سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ موسمی حالات کے پیش نظر مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔

Scroll to Top