پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو عبرتناک شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل جیتنے کے بعد کپتان پاکستان انڈر 19 ٹیم فرحان یوسف نے فتح پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دو کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور کامیابی کا سہرا سمیر منہاس اور حمزہ کے سر باندھا۔
کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ٹیم نے فائنل میں پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقررہ 50 اوورز میں 348 رنز کا ہدف ایک اچھا اسکور تھا اور وہ اس ہدف سے مطمئن تھے۔ فرحان یوسف کے مطابق پاکستان نے اگرچہ بھارت کے خلاف پہلا میچ ہارا تھا، تاہم ٹیم مینجمنٹ نے مکمل سپورٹ فراہم کی، جس کا فائدہ فائنل میں سامنے آیا۔
فرحان یوسف نے مزید کہا کہ سمیر اور حمزہ نے شاندار کھیل پیش کیا اور فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی ٹیم کی مجموعی کامیابی کا سبب بنی۔
دوسری جانب، ایشیا کپ انڈر 19 فائنل میچ اور پورے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے سمیر منہاس نے اپنی فتح گر اننگز پر اللہ پاک کا شکر ادا کیا۔ سمیر منہاس نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے یہ ایک اچھی اننگ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ میں کسی قسم کا پریشر نہیں تھا اور یہ اننگ ان کے لیے ہمیشہ یادگار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے انداز میں بیٹنگ کی۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کا انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کے ہرکھلاڑی کیلئے 50 لاکھ روپے انعام دینےکا اعلان
اعداد و شمار کے مطابق سمیر منہاس نے پورے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کیے۔ انہوں نے پانچ اننگز میں 471 رنز بنائے، جن میں دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل تھیں۔ سمیر منہاس نے ایونٹ کے دوران 19 چھکے اور 41 چوکے بھی لگائے۔
دریں اثنا چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پاکستان انڈر 19 ٹیم اور سمیر منہاس کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا، “ویلڈن ٹیم پاکستان، شاباش سمیر منہاس۔” محسن نقوی کے مطابق بھارت کو ہرانے میں سمیر منہاس کی بیٹنگ پرفارمنس قابل تعریف رہی۔
چیئرمین پی سی بی نے ایشیا کپ انڈر 19 فائنل میں بھارت کو شکست دینے پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کر کے روایتی حریف کو شکست دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی بہترین حکمت عملی اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، جہاں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی فتح کی صورت میں سامنے آئی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف ،محسن نقوی کی انڈر 19 ایشیاء کپ جیتنے پر ٹیم اور قوم کو مبارکباد
محسن نقوی نے مزید کہا کہ یہ فتح شائقینِ کرکٹ کے لیے خوشی اور فخر کا لمحہ ہے اور پی سی بی کی رائزنگ اسٹارز پر سرمایہ کاری کا نتیجہ شاندار کامیابی کی صورت میں سامنے آیا ہے۔




