حج 2026: عازمین کی آمد و رفت کے لیے چار فضائی کمپنیوں سے معاہدےطے

وزارتِ مذہبی امور نے حج 2026 کی تیاریوں کو حتمی مرحلے میں داخل کرتے ہوئے عازمینِ حج کو سعودی عرب لے جانے اور واپس پاکستان لانے کے لیے چار فضائی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے مکمل کر لیے ہیں۔ وزارت کے مطابق ان معاہدوں کا مقصد سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمین کو بروقت، محفوظ اور منظم سفری سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

دستیاب معلومات کے مطابق وزارتِ مذہبی امور نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے)، سعودی ایئرلائن اور دو پاکستانی نجی فضائی کمپنیوں کے ساتھ حتمی معاہدے کیے ہیں۔ ان معاہدوں کے تحت مختلف فضائی کمپنیوں کو مخصوص تعداد میں عازمین کی آمد و رفت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ حج آپریشن کو مرحلہ وار اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

معاہدے کے مطابق پی آئی اے مجموعی طور پر 49 ہزار 20 سرکاری عازمینِ حج کو سعودی عرب منتقل کرے گی۔ اسی طرح سعودی ایئرلائن تقریباً 47 ہزار 690 عازمین کو فضائی خدمات فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ دو پاکستانی نجی فضائی کمپنیاں مجموعی طور پر ساڑھے 22 ہزار عازمین کو سفری سہولتیں فراہم کریں گی۔ ذرائع کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 19 ہزار 210 عازمین کو فضائی خدمات فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: حج 2026 انتظامات:حجاز مقدس میں عازمین حج کے لیے بڑی سہولیات

وزارتِ مذہبی امور نے تمام متعلقہ فضائی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ فلائٹ شیڈول جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ عازمین کے سفر کے دوران کسی قسم کی دشواری یا بے ترتیبی پیدا نہ ہو۔ وزارت کا کہنا ہے کہ عازمین کی آمد و رفت کے تمام مراحل کو پیشگی منصوبہ بندی کے تحت مکمل کیا جائے گا اور پروازوں کے اوقات کار کو اس طرح ترتیب دیا جائے گا کہ سفر میں تاخیر یا خلل سے بچا جا سکے۔

مزید یہ کہ وزارت نے فضائی کمپنیوں کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ دورانِ پرواز ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور عازمین کے آرام اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے۔ وزارت کے مطابق حج 2026 کے لیے کیے گئے ان انتظامات کا مقصد سفر کے عمل کو مؤثر اور منظم بنانا ہے تاکہ عازمین کو آمد و رفت کے مراحل میں سہولت میسر آ سکے۔

یہ بھی پڑھیں:طبی شرائط مزید سخت، کون سے لوگ اب حج نہیں کرسکیں گے؟

وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی عازمین کی سہولت کو ترجیح دی جا رہی ہے اور تمام انتظامات کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ حج آپریشن بغیر کسی رکاوٹ کے انجام دیا جا سکے۔

Scroll to Top